کرونا وائرس: بحرین نے دُبئی اور شارجہ کے لیے تمام فلائٹس بند کر دیں

بحرین کی حکومت کے مطابق یہ بندش عارضی ہے اور صرف 48 گھنٹوں کے لیے لگائی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 25 فروری 2020 12:56

کرونا وائرس: بحرین نے دُبئی اور شارجہ کے لیے تمام فلائٹس بند کر دیں
بحرین(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25فروری 2020ء) کرونا وائرس نے متحدہ عرب امارات کے بعد اب بحرین کا بھی رُخ کر لیا ہے۔ بحرین کی جانب سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر دُبئی اور شارجہ کے لیے تمام فلائٹس بند کر دی ہیں، اماراتی حکومت کے مطابق فلائٹس پر یہ پابندی 48 گھنٹے کے لیے لگائی گئی ہیں۔ اس کے بعد پابندی ہٹانے یا برقرار رکھنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جا ئے گا۔

بحرین نے فلائٹس کی بندش کا یہ فیصلہ آج صبح کے وقت لیا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔پروازوں کی اس بندش کی وجہ سے بحرین اور دُبئی کے درمیان روزانہ پندرہ کے قریب پروازیں متاثر ہوں گی۔ بحرین کی جانب سے یہ پابندی مملکت میں کرونا وائرس کے مریض سامنے آنے کے بعد لیاگیا ہے۔ بحرین میں دو مقامی افراد میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

بحرینی وزارت صحت کے مطابق ایک متاثرہ خاتون ایران سے واپس بحرین آئی تھی جسے اب ابراہیم خلیل کانو میڈیکل سنٹر میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں پر اس خاتون کا علاج کیا جا رہا ہے۔ جبکہ دُوسرا مریض ایک سکول بس ڈرائیور ہے جو 21 فروری کو دُبئی کے راستے ایران سے واپس بحرین آیا تھا۔ دونوں مریض جب بحرین آئے ، اس وقت دونوں کی حالت ٹھیک تھی، تاہم بعد میں ان میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں۔

وزارت صحت کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ ڈرائیور نے اتوار کے روز اپنی ڈیوٹی کی تھی، جس دوران اس نے مختلف اسکولوں کے بچوں کو ان کے گھروں پر اُتارا تھا۔ جس کے بعد بس میں سوار تمام بچوں اور ان کے گھر والوں کے بھی ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔ تاکہ کسی میں ممکنہ طور پر اس موذی وائرس کی موجودگی کا ابتدائی مرحلے میں ہی علم ہو سکے۔ وزارت تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ جن تین اسکولز کے بچوں کو متاثرہ ڈرائیور نے اپنی بس میں سوار کیا تھا ، ان تینوں اسکولز کو دو ہفتے کے لیے بند کیا جا رہا ہے۔

بحرین سول ایوی ایشن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ دیگر ممالک میں موجود بحرینی وطن واپسی کے لیے ایک خصوصی ٹیلی فون نمبر پر رابطہ کریں تاکہ ان کی رہنمائی کی جا سکے۔ سول ایوی ایشن کے مطابق امارات میں مقیم بحرینی وطن واپسی کے لیے emirates.com سے رابطہ کریں، جہاں سے انہیں نئے شیڈول کے بارے میں آگاہی حاصل ہو سکے گی۔ 

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں