کورونا وائرس کا خوف، بحرینی دُلہا نے مہمانوں پر انوکھی پابندی لگا دی

دولہا نے مہمانوں کو روایت کے مطابق بوسہ لینے سے روک دیا، ویڈیو وائرل

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 28 فروری 2020 13:35

کورونا وائرس کا خوف، بحرینی دُلہا نے مہمانوں پر انوکھی پابندی لگا دی
بحرین (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28فروری 2020ء) خلیجی ممالک میں شادی بیاہ کے موقع پر روایت ہے کہ دُلہا کو مبارک باد دیتے وقت مصافحہ کے وقت اسے ماتھے پر بوسہ بھی دیا جاتا ہے۔ تاہم کرونا وائرس نے خلیجی ممالک میں ایسی دہشت پھیلا رکھی ہے، کہ صدیوں ہزاروں سال پُرانی روایات سے بھی لوگ گریز کرنا شروع ہو گئے ہیں۔ بحرین کے دارالحکومت منامہ میں ایک دولہا نے اپنی شادی میں شرکت کے لیے آئے مہمانوں کو ایک روایت پُوری کرنے سے روک دیا۔

وہ روایت یہ ہے کہ شادی کے موقع پرآئے مہمان دولہا کے ماتھے پر بوسہ دے کر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ تاہم اس بحرینی دُلہا نے کرونا وائرس کے خوف سے مہمانوں کو ایسا کرنے سے روک دیا۔ دُلہا نے شادی کی تقریب سے قبل ہی دلہا نے دعوت نامے کے ساتھ ساتھ شادی ہال کے باہر بھی یہ تحریر کنندہ کروائی تھی کہ شادی میں شرکت کرنے والے تمام افراد کورونا وائرس کے سبب صرف مصافحہ کرنے پر اکتفا کریں اسی میں آپ کی اور ہماری سلامتی ہے۔

(جاری ہے)

اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آ ئی ہے جس پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ عرب معاشروں میں دولہا کو مصافحے کے ساتھ بوسہ دینے کا رواج بھی ہے جبکہ دلہا جب بزرگوں کو سلام کرتا ہے تو ان کے ماتھے پر بوسہ دیتا ہے۔واضح رہے کہبحرین میں کرونا وائرس کے مزید نئے کیسز سامنے آ گئے، جس کے بعد لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل چکا ہے۔

وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 23ہوگئی ہے۔بحرینی حکومت نے کرونا وائرس پھیلنے کے بعد ملک بھر میں تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے اور جامعات دو ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔بحرین کی وزارت صحت کے مطابق دبئی اور شارجہ سے آنے والے بحرینی اور سعودی شہریوں کے منامہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ ان میں نو افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ ان میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔وزارت نے مزید بتایا ہے کہ کرونا وائرس کے جن نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے، ان میں چار بحرینی خواتین شارجہ کے راستے ایران سے آئی تھیں۔دو بحرینی مرد شہری شارجہ اور ایک دبئی کے راستے ایران سے آیا تھا۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں