بحرین میں کرونا وائرس پر قابو نہ پایا جا سکا

متاثرہ افراد کی تعداد 189 تک پہنچ گئی، مزید 77 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 11 مارچ 2020 15:34

بحرین میں کرونا وائرس پر قابو نہ پایا جا سکا
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11مارچ 2020ء) بحرین میں کرونا وائرس کے درجنوں مریض سامنے آ گئے ہیں جس کے باعث لوگوں میں شدید خوف و ہراس کی صورت حال جنم لے چکی ہے۔ مقامی اور غیر ملکی افراد کی بڑی گنتی گھروں میں محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ بحرینی حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت میں مزید 77افراد کروناوائرس کا شکار ہو گئے ہیں، جس کے باعث کرونا کے مجموعی متاثرین کی گنتی 189تک جا پہنچی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق ان 77 تازہ ترین مریضوں میں زیادہ تر لوگ وہ ہیں جنہیں رواں ہفتے کے دوران ایران سے ایک خصوصی طیارے کے ذریعے واپس بحرین لایا گیا ہے۔ تاہم ایک بات بہت خوش آئندہ ہے کہ بحرین میں کرونا وائرس کے 30 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ اتوارکے روز بحرینی حکومت کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی تھی کہ جو افراد اٹلی، جنوبی کوریا، مصر اور لبنان سے آ رہے ہیں، وہ خود کو رضا کارانہ طور پر قرنطینہ سنٹرز میں داخل کروا دیں،یا اپنے گھروں کے ہی کسی کمرے میں خود کو بند رکھیں تاکہ14 روز تک لوگوں سے الگ تھلگ رہنے کے دوران ان میں کرونا وائرس کے مریض ہونے یا اس سے محفوظ ہونے کا پتا چل سکے۔

(جاری ہے)

جس کے باعث کرونا وائرس کے پھیلنے کے امکانات کم سے کم ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ کرونا وائرس نے خلیجی ممالک میں ایسی دہشت پھیلا رکھی ہے، کہ صدیوں ہزاروں سال پُرانی روایات سے بھی لوگ گریز کرنا شروع ہو گئے ہیں۔ بحرین میں شادی بیاہ کے موقع پرایک روایت ہے کہ دُلہا کو مبارک باد دیتے وقت مصافحہ کے وقت اسے ماتھے پر بوسہ بھی دیا جاتا ہے۔ تاہم بحرین کے دارالحکومت منامہ میں ایک دولہا نے اپنی شادی میں شرکت کے لیے آئے مہمانوں کو ایک روایت پُوری کرنے سے روک دیا۔

وہ روایت یہ ہے کہ شادی کے موقع پرآئے مہمان دولہا کے ماتھے پر بوسہ دے کر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ تاہم اس بحرینی دُلہا نے کرونا وائرس کے خوف سے مہمانوں کو ایسا کرنے سے روک دیا۔ دُلہا نے شادی کی تقریب سے قبل ہی دلہا نے دعوت نامے کے ساتھ ساتھ شادی ہال کے باہر بھی یہ تحریر کنندہ کروائی تھی کہ شادی میں شرکت کرنے والے تمام افراد کورونا وائرس کے سبب صرف مصافحہ کرنے پر اکتفا کریں اسی میں آپ کی اور ہماری سلامتی ہے۔اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آ ئی ہے جس پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ عرب معاشروں میں دولہا کو مصافحے کے ساتھ بوسہ دینے کا رواج بھی ہے جبکہ دلہا جب بزرگوں کو سلام کرتا ہے تو ان کے ماتھے پر بوسہ دیتا ہے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں