بحرین میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3,348 ہو گئی

پچھلے 24 گھنٹوں میں مزید 72 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سے67 غیر مُلکی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 4 مئی 2020 09:35

بحرین میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3,348 ہو گئی
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4مئی2020ء ) بحرین میں اگرچہ باقی تمام خلیجی ممالک کی نسبت کورونا کے مریضوں کی گنتی بہت کم ہے، تاہم ان کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ بحرینی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مملکت میں مزید 72 افراد کورونا کا شکار ہو گئے ہیں، جن میں سے 67غیر مُلکی اور 5مقامی ہیں۔ یہ تمام افراد پہلے سے متاثرہ افراد سے میل جول رکھنے کے باعث اس وائرس کا نشانہ بنے ہیں۔

نئے کیسز کے بعد بحرین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کُل گنتی3,348ہو گئی ہے۔ اب تک 1,717 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اس موذی مرض سے ہلاک ہونے والوں کی گنتی 8 بتائی گئی ہے۔ وزارت کے مطابق اس وقت مملکت میں 1,631 کورونا متاثرین زیر علاج ہیں۔ جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ اب تک 1,43,030 افراد کی سکریننگ کی جا چکی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بحرینی حکومت نے رمضان المبارک میں افطار اور کھانوں کے روایتی اجتماعات پر پابندی عاید کردی ہے۔

افطار صرف خاندان کے افراد تک محدود ہوگا۔رمضان میں مجلسوں اور اجتماعی افطاریوں کے انعقاد سے گریز کیا جائیگا۔عوامی افطار پارٹیوں کے انعقاد سے گریز کیا جائے گا۔عوام میں افطار پیکج کی تقسیم سے پرہیز کیا جائے گا۔زکوٰة الفطر جمع کرنے کے لیے اب کیاسکس کے بجائے الیکٹرانک پلیٹ فارمزکو استعمال کیا جائے گا۔تجارتی اور صنعتی اشیاء بیچنے والی کمپنیاں یا فرمیں اپنے گاہکوں کو صرف آن لائن ہی اپنی چیزیں فروخت کرسکیں گی۔

رمضان کے دوران مووی تھیٹرز ،کمرشل اسپورٹس جیمنیزیم ، فٹ نس اسٹوڈیوز ، سوئمنگ پول اور تفریحی سرگرمیوں کے مراکز بند رہیں گے۔شیشہ کیفے اور ان کی خدمات بدستور محدود رہیں گی۔ان سے کھانے پینے کی اشیاء خرید کی جاسکتی ہیں یا پھر وہ کھانا گھروں یا دفاتر میں پہنچا سکیں گے۔ریستورانوں ، سیاحت گاہوں اور کھانے کی خدمات مہیا کرنے والی دوسرے جگہوں سے صرف بیرونی آرڈرز کی ترسیل کی جاسکے گی۔

گراسری اسٹور کے کھلنے کے بعد پہلے گھنٹے میں صرف بزرگ افراد اور حاملہ خواتین ہی خریداری کرسکیں گی۔کسی ایک جگہ پر پانچ سے زائد افراد کو اکٹھے ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ عام افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جہاں تک ممکن ہو، اپنے گھروں ہی میں مقیم رہیں اور صرف وقتِ ضرورت ہی گھروں سے باہر نکلیں۔تمام شہری اور مکین گھروں سے باہر عوامی جگہوں پر جاتے وقت چہرے کے ماسک پہننے کے پابند ہوں گے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں