بحرین میں کورونا ویکسین لگوانے پرڈیجیٹل پاسپورٹ جاری ہو گا

بحرینی میں چار قسم کی ویکسینز مقامی اور غیر ملکی افراد کو مفت لگائی جا رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 18 فروری 2021 09:42

بحرین میں کورونا ویکسین لگوانے پرڈیجیٹل پاسپورٹ جاری ہو گا
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18فروری2021ء) بحرین نے کورونا ویکسین لگوانے کے لیے ایک شاندار سہولت متعارف کرا دی ہے۔ بحرینی صحت حکام کے مطابق جو لوگ کورونا ویکسین کی دونوں خوراک لگوالیں گے، انہیں ڈیجیٹل پاسپورٹ جاری کیا جائے گا جو ان کے کورونا سے محفوظ ہونے کو ظاہر کرے گا۔تفصیلات کے مطابق خلیجی ملک بحرین نے کوروناویکسین لگوانے والے مقامی افراد اور تارکین کے لیے ڈیجیٹل پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس لحاظ سے بحرین وہ پہلا ملک ہو گا، جہاں ویکسی نیشن کے بعد ڈیجیٹل پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔ بحرینی میڈیا کے مطابق ویکسی نیشن سے متعلق ایپ (BeAware App)میں ویکسین لگوانے والوں میں دوہفتے کے بعد مدافعتی درجہ ظاہر ہوگا کیونکہ ویکسینیشن کے دو ہفتے بعد ہی کسی شخص میں کورونا سے نمٹنے کے لیے اینٹی باڈیز یعنی مدافعتی قوتیں پیدا ہوں گی۔

(جاری ہے)

کوئی شخص جب ویکسین کے دونوں انجکشن لگوالے گا تواس ایپ پر یہ ظاہر ہو جائے گا کہ اس شخص نے ویکسین لگوا لی ہے ۔

اور پھر ایک سرکاری سرٹیفکیٹ بھی ظاہر ہوگاجس میں اس شخص کا نام ،تاریخ پیدائش،قومیت اور ویکسین لگوانے کی تاریخوں کی تفصیل درج ہوگی۔بحرینی حکام اس ایپ پر QRکوڈ سکین کرنے کے بعد سرٹیفکیٹ کے اصلی ہونے کی تصدیق کر سکیں گے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ شہریوں اورمکینوں کو ویکسی نیشن کاسرٹیفکیٹ اسی صورت میں جاری کیا جائے گا جب انہیں 21 روز کے وقفے سے ویکسین کے دونوں انجکشن لگ چکے ہوں گے۔ اس وقت بحرین میں چار ویکسینزمقامی اور غیر ملکی افراد کو مفت لگائی جا رہی ہیں جن میں چین کی سائنوفارم ویکسین ،امریکی اور جرمن کمپنیوں کی مشترکہ طور پر تیار کردہ بائیو این ٹیک ویکسین، برطانوی ویکسین آسٹرا زینیکا اورروسی ساختہ ویکسین ’سپوتنک فائیو‘شامل ہے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں