بحرین نے جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین لگانے کی منظوری دے دی

جانسن اینڈجانسن دُنیا کی پہلی ویکسین ہے جس کی دو کی بجائے صرف ایک خوراک ہی کافی ہوگی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 26 فروری 2021 10:51

بحرین نے جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین لگانے کی منظوری دے دی
منامہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،26 فروری2020ء ) بحرین میں کورونا وائرس کی وبا کو شکست دینے کے لیے ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس حوالے سے ایک اہم ترین فیصلہ لے لیا گیا ہے۔ بحرینی حکومت نے جانسن اینڈ جانسن کی تیارکردہ کووِڈ-19 کی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔العربیہ نیوز کے مطابق بحرین کی قومی صحت ریگولیٹری اتھارٹی قبل ازیں چار ویکسینوں کی ملک میں استعمال کی منظوری دے چکی ہے۔

بحرین میں جانسن اینڈ جانسن ویکسین کروناوائرس کے شدید خطرے سے دوچار گروپوں کو لگائی جائے گی۔جانسن اینڈ جانسن کی کووِڈ-19 کی یہ ویکسین دنیا کی پہلی ویکسین ہے جس کی صرف ایک خوراک لگانے کی ضرورت ہے جبکہ باقی تمام ویکسینوں کے دو دو انجکشن لگائے جارہے ہیں۔اس لحاظ سے یہ ایک محفوظ ویکسین ہے۔

(جاری ہے)

بحرین نے قبل ازیں چینی فرم سائنو فارم کی ویکسین ،امریکی کمپنی فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین ، برطانیہ کی آسٹرا زینیکا اور آکسفورڈ اور روس کی سپوتنک پنجم ویکسین کے استعمال کی منظوری دی ہے۔

امریکا کی فوڈ اور ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے بدھ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین کووِڈ-19 اور جنوبی افریقا اور برازیل میں اس وائرس کی نئی شکلوں کے مقابلے میں انتہائی موٴثر ہے۔بحرین میں مذکورہ ویکسینیں شہریوں اور مکینوں کو مفت لگائی جارہی ہے اور وہ دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے والے شہریوں اور مکینوں کوڈیجیٹل پاسپورٹ کا جاری کررہا ہے۔

واضح رہے کہ خلیجی ریاست بحرین میں امریکا کی دواساز فرم فائزر کی جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کے اشتراک سے تیارکردہ ویکسین کی جنوری میں ملنے والی کھیپ کی آمد تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔البتہ بحرین کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ویکسین کی دوسری کھیپوں کی آمد کا شیڈول متاثر نہیں ہوگا۔آکسفورڈ یونیورسٹی کے ایک تحقیقی پروگرام کے مطابق بحرین میں فی کس شرح فی صد کے اعتبار سے دنیا میں تیسرے نمبر پر کووِڈ-19 کی ویکسین لگائی جارہی ہے۔

وہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے بعد ویکسین لگوانے والے شہریوں کی تعداد کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے۔بحرین کی وزارت صحت نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ویکسین کی آمد میں تاخیر سے آیندہ دنوں میں دوسرا ٹیکا لگوانے والے شہریوں اور مکینوں کے شیڈول پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ان کے لیے مطلوبہ تعداد میں ویکسینیں دستیاب ہیں۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں