”ویکسین لگواؤ، بینک قرضے کی فیس معاف کراؤ“

بحرین کے ایک بینک نے کورونا ویکسین لگوانے والوں کو بڑی آفر کردی، کئی اور بینکنگ سہولتیں بھی دی جائیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 10 مارچ 2021 12:14

”ویکسین لگواؤ، بینک قرضے کی فیس معاف کراؤ“
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مارچ2021ء) خلیجی ریاست بحرین میں ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ایک بحرینی بینک نے کورونا ویکسین لگوانے والوں کو شاندار رعایت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے بحرین کے السلام بینک کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جو لوگ ویکسین لگوائیں گے انہیں قرضے کی فیس میں معافی دی جائے گی اور کئی دیگر بینکنگ سہولتیں بحی مفت فراہم کی جائیں گی۔

السلام بینک نے اعلان کیا ہے کہ بینک کے جن صارفین نے ویکسین لگوالی ہے انہیں قرضوں کی فیس کی وصولی کے بغیر کئی مالیاتی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اس کے علاوہ وہ مزایا سوشل ہاؤسنگ پروگرام سمیت متعدد نوعیت کے قرضے بھی لے سکیں گے۔ جو صارفین اس شاندار آفر سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ، انہیں ویکسی نیشن کروانے کے ثبوت کے طور پر ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کا جاری کردہ میڈیکل سرٹیفکیٹ یا 'BeAwar' ایپ پر اندراج دکھانا ہوگا۔

(جاری ہے)

بینک کا کہنا ہے کہ اس رعایتی اسکیم کا مقصد بحرین میں مقیم زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگوانے کے لیے ترغیب دینا ہے۔ تاکہ مملکت سے جلد از جلد اس موذی وبا کا صفایا ہو سکے۔گذشتہ ہفتے بحرین گراں پری نے یہ اعلان کیا تھا کہ ویکسین لگوانے یا کووِڈ-19 کے مرض سے صحت یاب ہونے والے افراد اس سال فارمولا ون کے ٹکٹ خرید کرنے کے اہل ہوں گے ۔ بحرین میں کورونا ویکسین لگوانے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے یہ کوئی واحد سہولت نہیں ہے۔

دیگر خلیجی ممالک میں بھی کہیں پر ویکسین لگوانے والوں کو ٹیکسی کے مفت سفر کی سہولت دی جا ر ہی ہے۔ کہیں ویکسین انجکشن لگوانے والوں کو ڈرائیونگ کے تربیتی اسباق میں رعایت دی جا رہی ہے تو کہیں پر مفت کافی اور کھانا بھی پیش کیا جا رہا ہے۔ بحرینی دارالحکومت منامہ کے ایک مشہور شاپنگ مال ’العالی’ نے اپنے بیرونی احاطے میں فوڈ پراڈکٹس فروخت کرنے والوں دُکانداروں سے کرایہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ اپنی کار پارکنگ میں ٹرکوں میں پھل، سبزیاں اور دیگر غذائی اجناس فروخت کرنے کی بھی اجازت دی تھی۔ اس سہولت کا مقصد کورونا سے پریشان چھوٹے کاروباری افراد کو سہارا دے کر انہیں دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد دینا ہے۔ 

متعلقہ عنوان :

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں