یو اے ای کے بعد بحرین نے بھی اسرائیل کے لیے پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا

بحرین کی قومی ایئر لائن گلف ایئر کی پہلی پرواز 3 جون کو اسرائیلی شہر تل ابیب روانہ ہوگی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 20 اپریل 2021 11:27

یو اے ای کے بعد بحرین نے بھی اسرائیل کے لیے پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20 اپریل2021ء) گزشتہ سال چار اسلامی ممالک یو اے ای، متحدہ عرب امارات، مراکش اور سوڈان نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جس پر فلسطینی حکومت اور عوام نے سخت ناراضی کا اظہار کیا تھا اور دُنیا کے کئی مسلم ممالک کی عوام نے بھی اس فیصلے کو سخت ناپسند کیا تھا۔ تاہم ان ممالک نے اپنے فیصلے پر قائم رہتے ہوئے اسرائیل سے دوستی کا معاہدہ بھی کر ڈالا ہے جس کے بعد تجارتی، سفارتی، طبی و سائنسی شعبوں میں بھی تعاون بڑھایا جا رہا ہے۔

یو اے ای کے بعد بحرین نے بھی اسرائیل کے لیے براہِ راست پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق بحرین کی قومی فضائی کمپنی گلف ائیرنے 3 جون سے اسرائیل کے شہر تل ابیب کے لیے اپنی پہلی براہ راست پرواز چلانے کا اعلان کیا ہے اور اس کی نشستوں کی بْکنگ شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

بحرین کے مرکز برائے شہری ہوابازی کی ویب سائٹ کے مطابق گلف ائیرہفتے میں منامہ اور تل ابیب کے درمیان دو پروازیں چلائے گی اور اس روٹ پر اے 320 طیارے چلائے گی۔

گلف ائیر سے قبل متحدہ عرب امارات کی دو فضائی کمپنیاں فلائی دبئی اور اتحاد تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں چلا رہی ہیں۔انھوں نے گذشتہ سال اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کے بعد پروازیں شروع کی تھیں۔بحرینی حکام کے گذشتہ سال نومبر میں اسرائیل کے سرکاری دورے کے بعد دونوں ملکوں نے اپنے اپنے سفارت خانے کھولنے،آن لائن ویزا سسٹم شروع کرنے اور ہفتہ وار پروازیں چلانے سے اتفاق کیا تھا۔

بحرین اور اسرائیل نے اکتوبر 2020ء میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں اور مشترکہ اعلامیے پر دست خط کیے تھے۔تب اسرائیل اور امریکا کے اعلیٰ سطح کے وفد نے منامہ کا دورہ کیا تھا اوربحرینی حکام سے مختلف امور پر بات چیت کی تھی۔واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے 15 ستمبر2020ء کووائٹ ہاوٴس میں بحرینی وزیرخارجہ عبداللطیف الزیانی کے ساتھ اس معاہدہ ابراہیم پر دست خط کیے تھے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں