بحرین نے بھی پاکستانی مسافروں کی آمد پر پابندی عائد کر دی

اتوار کو جاری ریڈ لسٹ میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال کے شہریوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 24 مئی 2021 08:31

بحرین نے بھی پاکستانی مسافروں کی آمد پر پابندی عائد کر دی
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مئی2021ء) بحرین جانے کے لیے تیار پاکستانیوں کے لیے بھی بُری خبر آ گئی ہے۔ امارات ، کویت اور سعودی عرب کے بعد خلیجی ریاست بحرین نے بھی پاکستان سمیت متعددممالک سے مسافروں کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔ جس کا اطلاق آج 24 فروری بروز سوموار سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق بحرینی حکومت نے گزشتہ روز سفری پابندیوں سے متعلق ایک ریڈ لسٹ جاری کی ہے جس کے مطابق پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال کے شہریوں کے مملکت میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اس پابندی کی وجہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی اقدام بتایا گیا ہے۔ بحرینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بحرین کی سول ایوی ایشن نے کورونا وائرس سے متعلق نیشنل میڈیکل ٹیم کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے پاکستان سمیت پانچ ایشیائی ممالک کے مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کی ہے۔

(جاری ہے)

سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آج سوموار 24 مئی سے ریڈ لسٹ میں شامل ممالک کے باشندوں کو بحرین آنے کی اجازت نہیں ہو گی اور ان ممالک میں حالیہ دنوں مقیم دیگر ممالک کے شہریوں کو بحرین داخلے کی اجازت ہو گی۔

حکام کی جانب سے واضح کیاگیا ہے کہ یہ پابندی عارضی نوعیت کی ہے۔ تاہم ریڈلسٹ میں شامل ان ممالک میں موجود بحرینی شہری اور کارآمد اقامہ ہولڈرز پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ اس زمرے کے افراد بحرین آسکیں گے۔مگر انہیں قرنطینہ کی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔ بحرین پہنچتے ساتھ ہی انہیں حکومت کی جانب سے مخصوص ہوٹل یا گھریلو آئسولیشن میں 10 روز کا قرنطینہ اختیار کرنا ہوگا۔ بحرینی حکومت کے مطابق ریڈ لسٹ میں شامل ممالک سے بحرین آنے والے بحرینی شہریوں اور اقامہ ہولڈرز کو پرواز میں سوار ہونے سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کا نیگیٹو سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہو گا۔ بحرین پہنچنے کے فوراً بعد اور پھر دسویں روز بھی ان کے پی سی آر ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ 

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں