بحرین نے کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے اہم دوائی کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی

امریکی دوا سوتر ویماب کو بالغ اور کم سن افراد کے ہنگامی علاج کے لیے استعمال کیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 2 جولائی 2021 09:27

بحرین نے کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے اہم دوائی کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی
 منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 جولائی 2021ء) بحرین کی حکومت کو بھی کورونا وبا کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کے لیے کئی اہم فیصلے لیے گئے ہیں۔ گزشتہ ماہ کورونا کے علاج کے لیے ایک دوا ریجن ۔ کوو 2 کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی گئی تھی۔ یہ دوا کورونا کے معمولی یا معتدل علامات والے مریضوں کو شفا دینے کے لیے بہت موثر ثابت ہوئی ہے۔ اب بحرینی حکومت نے امریکی دوا ساز ادارے کی تیار کردہ دوائی سوتر ویماب کے استعمال کی بھی منظوری دے دی ہے۔

یہ دوا بالغ اور کم سن افراد کے ہنگامی علاج کے لیے استعمال کی جائے گی۔ بحرینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوتر ویماب وی آئی آر ۔ 7831 مونوکلونیل قوت مدافعت پیدا کرتی ہے۔ اس دوا کو کورونا کے مریض پر ابتدائی مرحلے میں استعمال کرنے سے اس کی جلد شفایابی ممکن ہے ، جس کی وجہ سے انہیں حالت بگڑنے پر اسپتال لے جانے کے خطرات بہت کم رہ جاتے ہیں اور کورونا سے اموات کی شرح میں بھی 85 فیصد تک کمی ممکن ہے۔

(جاری ہے)

امارا ت اور کویت نے بھی گزشتہ ماہ سوتر ویماب نامی امریکی دوا کے استعمال کی منظوری دے دی تھی۔ اس طریقہ علاج کا تصور بین الاقوامی ہیلتھ کیئر کمپنی جی ایس کے نے پیش کیا تھا، جس کی امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے منظوری بھی دی۔اس علاج کو سوترویماب نام دیا گیا ہے، جس کے تحت کورونا سے متاثرہ شخص کو جلد علاج کی سہولت فراہم کر کے چوبیس گھنٹے کے اندر اسپتال سے گھر جانے کی اجازت ہوگی۔

متحدہ عرب امارات کے محکمہ صحت نے دعوی کیا کہ اس نئے طریقہ علاج سے 85 فیصد اموات میں کمی ہونا ممکن ہے۔اس علاج کے تحت انسانی خون میں موجود سفید خلیوں کی مدد سے نئی اینٹی باڈیز تیار ہوں گی جبکہ مدافعتی نظام مضبوط بھی ہوگا۔رپورٹ کے مطابق یہ طریقہ علاج 12 سال یا اس سے کم عمر بچوں کے لیے انتہائی خطرناک ہوگا، اسی وجہ سے بچوں پر ابھی اسے آزمانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

کلینیکل ٹرائلز میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ علاج کرونا کی نئی اقسام کے خلاف بھی موثر ہے، جس میں مریض کی مونو تھراپی کی جاتی ہے۔امارات کے وزیر صحت عبدالرحمان بن محمد الویس نے بتایا کہ کرونا سے متاثرہ مریضوں کو علاج کا پروٹوکول اور ادویات دی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ نیا اور مثر علاج دراصل خاص ادویات کے ذریعے کیا جائے گا، جو مریضوں میں موجود وائرس کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں