بحرین جانے کے منتظر پاکستانی مسافروں کے لیے مایوسی بھر ی خبر آ گئی

بحرینی حکومت نے سفری پابندی کی مُدت میں توسیع کر دی،مزید 16 ممالک کے مسافروں کا داخلہ بھی بند کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 14 جولائی 2021 12:52

بحرین جانے کے منتظر پاکستانی مسافروں کے لیے مایوسی بھر ی خبر آ گئی
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 جولائی2021ء ) بحرینی حکومت نے 24 مئی 2021ء کو ریڈ لسٹ جاری کی تھی جس کے تحت بحرین میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا ، ویت نام اور نیپال کے شہریوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا تھا۔ اس پابندی کی وجہ کورونا وائرس کے پھیلاوٴ کو روکنے کے لیے احتیاطی اقدام بتایا گیا تھا۔بحرین کی سول ایوی ایشن نے کورونا وائرس سے متعلق نیشنل میڈیکل ٹیم کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے پاکستان سمیت پانچ ایشیائی ممالک کے مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کی تھی۔

جو پاکستانی بحرین جانے کے منتظر ہیں، انہیں ابھی مزید انتظار کرنا ہوگا۔ کیونکہ بحرینی حکومت نے پاکستان سمیت دیگر ممالک پر عائد سفری پابندی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔سول ایوی ایشن کی جانب سے نئی ریڈ لسٹ میں مزید 16 ممالک کے مسافروں کے بحرینی مملکت میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نئی ریڈ لسٹ میں تیونس، ایران، انڈونیشیا، عراق، میکسیکو، فلپائن، اور ملائشیا سمیت دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔

جبکہ پاکستان سمیت جن ممالک کے مسافروں پر پہلے سے پابندی عائد ہے، ان پر بھی یہ پابندی موثر رہے گی۔ حکام کی جانب سے واضح کیاگیا ہے کہ یہ پابندی عارضی نوعیت کی ہے۔ تاہم ریڈلسٹ میں شامل ان ممالک میں موجود بحرینی شہری اور کارآمد اقامہ ہولڈرز پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ اس زمرے کے افراد بحرین آسکیں گے۔مگر انہیں قرنطینہ کی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

بحرین پہنچتے ساتھ ہی انہیں حکومت کی جانب سے مخصوص ہوٹل یا گھریلو آئسولیشن میں 10 روز کا قرنطینہ اختیار کرنا ہوگا۔ بحرینی حکومت کے مطابق ریڈ لسٹ میں شامل ممالک سے بحرین آنے والے بحرینی شہریوں اور اقامہ ہولڈرز کو پرواز میں سوار ہونے سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کا نیگیٹو سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہو گا۔ بحرین پہنچنے کے فوراً بعد اور پھر دسویں روز بھی ان کے پی سی آر ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ 

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں