بحرین ؛ 3 سے 11 سال تک کے بچوں کو بھی کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ

تین سے گیارہ برس تک کی عمر کے بچوں اور بچیوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی منظوری دی گئی ہے، جلد ہی پانچ سے سے گیارہ برس تک کے بچوں کے لیے فایزر ویکسین کی منظوری بھی دی جائے گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 اکتوبر 2021 11:23

بحرین ؛ 3 سے 11 سال تک کے بچوں کو بھی کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ
منامہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 اکتوبر 2021ء ) خلیجی ملک بحرین نے 3 سے 11 سال تک کے بچوں کی کورونا ویکسی نیشن کا فیصلہ کرلیا ، حکام نے تین سے گیارہ سال تک کے بچوں کو سینوفارم ویکسین لگانے کی اجازت دے دی۔ مقامی خبررساں ادارے سے معلوم ہوا ہے کہ 3 سے 11 برس تک کی عمر کے بچوں اور بچیوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی منظوری دی گئی ہے ، اس حوالے سے بحرین کی قومی میڈیکل ٹیم نے بتایا ہے کہ 3 سے 11 سال تک کے بچوں کو سینوفارم ویکسین دینے کی اجازت تمام ضروری جائزوں کے بعد دی گئی ہے ، جلد ہی 5 سے سے11 برس تک کے بچوں کے لیے فایزر ویکسین کی منظوری بھی دی جائے گی ، جس کا اعلان فیصلہ ہونے کے بعد وزارت صحت کی جانب سے کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بحرین اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں ، دونوں ممالک کی عالمی و علاقائی معاملات پر ایک سی رائے پائی جاتی ہے ، بحرین میں لاکھوں پاکستانی روزگار کی غرض سے مقیم ہیں جو سالانہ کروڑوں ڈالر کا زرمبادلہ اپنے وطن بھجوا کر جہاں اہل خانہ کی کفالت کر رہے ہیں وہیں پاکستانی معیشت کی مضبوطی میں بھی اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا وبا میں پاکستانی تارکین کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں بحرینی حکومت کے کردار کو بہت سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ’کورونا وبا کی مشکل گھڑی میں بحرین میں ویزہ ایمنسٹی سکیم، جرمانوں میں چھوٹ، ملزمان کی حوالگی اور وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی سہولت کے لیے جو اقدامات لیے گئے وہ قابلِ تعریف ہیں ، وزیر خارجہ نے کورونا وبا کے دوران بحرینی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا جن کی بدولت بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو کسی قسم تکلیف دہ صورت حال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں