بحرین کا خلیجی تاریخ میں پہلی بار اسرائیل کے ساتھ دفاعی معاہدہ

معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان انٹیلی جنس ، دفاعی ساز و سامان کی خریداری اور مشترکہ فوجی تربیت میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 4 فروری 2022 11:26

بحرین کا خلیجی تاریخ میں پہلی بار اسرائیل کے ساتھ دفاعی معاہدہ
منامہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 04 فروری 2022ء ) بحرین نے خلیجی تاریخ میں پہلی بار اسرائیل کے ساتھ دفاعی معاہدہ کرلیا ۔ العربیہ نیوز کے مطابق اسرائیل اوربحرین کے درمیان ایک دفاعی معاہدہ طے پا گیا ہے ، اسرائیل کی طرف سے منامہ اورابوظہبی کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے بعد کسی بھی خلیجی ملک کے ساتھ اس طرح کا یہ پہلا معاہدہ ہے ، جس پر اسرائیلی وزیردفاع بینی گینز کے بحرین کے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر دستخط کیے گئے ۔

اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کونئی بلندیوں پر لے کر جانے کا باعث بنے گا ، جسس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان انٹیلی جنس ، دفاعی ساز و سامان کی خریداری اور مشترکہ فوجی تربیت میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دیا جائے گا ، امن معاہدے پردست خط کے صرف ایک سال کے بعد ہم نے ایک اہم دفاعی سمجھوتہ کیا ہے ، جس سے دونوں ممالک کی سلامتی اورخطے کے استحکام میں مدد ملے گی ، سمندری اور فضائی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے خلیجی شراکت داروں کے ساتھ گہرا تعاون انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپڈ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے ایک سال بعد بحرین کا دورہ کیا ہے جہاں منامہ میں اسرائیلی سفارت خانے کا افتتاح کیا گیا ، یائر لیپڈ نے کہا ہے کہ ہم نے بحرین میں اسرائیلی سفارت خانہ باضابطہ طور پر کھول دیا ہے ، ہم نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ سال کے آخر تک اسرائیل میں بحرینی سفارتخانہ بھی کھل جائے گا۔

قبل ازیں بحرین کی طرف سے تسلیم کیے جانے اور تعلقات کی بحالی کے بعد اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لیپڈ جمعرات کو بحرین پہنچے جو کہ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے لیے گزشتہ سال ہونے والے ایک اہم معاہدے پر دستخط کے بعد کسی بھی سینئر اسرائیلی سرکاری عہدیدار کا خلیجی ریاست کا یہ پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے ، یائر لیپڈ اپنے بحرینی ہم منصب سے ملاقاتوں اور اسرائیل کے سفارت خانے کا افتتاح کرنے کے لیے بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچے ہیں ، اسرائیلی سفارتی وفد اپنے بحرین کے ہم منصبوں سے ملاقات کرے گا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے معاہدوں پر دستخط کرے گا۔

متعلقہ عنوان :

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں