بحرین نے ایک اور کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی

مملکت کی جانب سے ہنگامی استعمال کے لیے والنیوا (Valneva) کی کورونا ویکسین کی منظوری دی گئی ہے‘ کمپنی مارچ کے آخر میں اپنی VLA2001 ویکسین کی پہلی کھیپ بحرین پہنچائے گی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 2 مارچ 2022 14:59

بحرین نے ایک اور کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی
منامہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 مارچ 2022ء ) بحرین نے ایک اور کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی ، مملکت کی جانب سے ہنگامی استعمال کے لیے والنیوا (Valneva) کی کورونا ویکسین کی منظوری دی گئی ہے ۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بحرین نے فرانس کی والنیوا (VLS.PA) کے ذریعہ تیار کردہ کوویڈ ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی ہے ، کمپنی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ والنیوا (Valneva) مارچ کے آخر میں اپنی VLA2001 ویکسین کی پہلی کھیپ مملکت کو پہنچانے کی توقع رکھتی ہے ، جس کے لیے اس نے گزشتہ سال دسمبر میں 10 لاکھ خوراکوں کے لیے پیشگی خریداری کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

کمپنی کے سی ای او تھامس لنگل باخ نے کہا کہ بحرین میں منظور شدہ واحد دوہری COVID-19 ویکسین کے طور پر VLA2001 بحرین کی آبادی اور طبی برادری کو ویکسین کا ایک امتیازی اختیار فراہم کرے گا ۔

(جاری ہے)

جب کہ پچھلے مہینے کے آخر میں کمپنی نے کہا تھا کہ وہ مارچ کے آخر میں مشروط منظوری کے لیے تجویز کیے جانے کے بعد جلد ہی یورپ میں اپنی ویکسین کی ترسیل شروع کر دے گی ، کیوں کہ اسے ابتدائی ریگولیٹری تشخیص میں سوالات کی فہرست موصول ہوئی تھی ۔

علاوہ ازیں بحرین نے اعلان کیا ہے کہ اتوار سے مملکت پہنچنے پر مسافروں کو لازمی قرنطینہ سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہوگی ، اس کے علاوہ سول ایوی ایشن کے امور نے یہ بھی کہا کہ مسافروں کو بحرین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے پر پی سی آر ٹیسٹ کرانے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی کیوں کہ مملکت نے کورونا ایس او پیز کو مزید اپ ڈیٹ کیا ہے ، جو 20 فروری سے نافذ العمل کیے گئے ہیں ۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ ٹیسٹ صرف ان لوگوں کے کیے جائیں گے جو کورونا سے متعلقہ علامات ظاہر کرتے ہیں ، افراد تیزی سے ٹیسٹ کروا سکتے ہیں اور اگر نتیجہ مثبت آتا ہے تو انہیں پی سی آر ٹیسٹ کروانے کے لیے فوری طور پر ڈرائیو تھرو ٹیسٹنگ سینٹرز میں سے ایک جانا چاہیے ، وہ کسی پرائیویٹ ہسپتال میں پی سی آر ٹیسٹ بھی کروا سکتے ہیں یا BeAware ایپلی کیشن کے ذریعے بک کروا سکتے ہیں۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں