بحرین کا سیاحوں کیلئے خصوصی پیکجز متعارف کرانے کا اعلان

سیاحوں کو ہوٹل ریزرویشن پر ڈسکاؤنٹ کے ساتھ سیاحتی مقامات تک رسائی اور مختلف تقریبات میں جانے کا موقع بھی ملے گا

Sajid Ali ساجد علی منگل 6 دسمبر 2022 17:04

بحرین کا سیاحوں کیلئے خصوصی پیکجز متعارف کرانے کا اعلان
منامہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 دسمبر 2022ء ) خلیجی ملک بحرین نے سیاحوں کے لیے خصوصی سفری پیکچ متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔ بحرین نیوز ایجنسی (بی این اے) نے رپورٹ کیا ہے کہ بحرین ٹورازم اینڈ ایگزیبیشنز اتھارٹی (BTEA) نے سیاحتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر جی سی سی کے سیاحوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے خصوصی سفری پیکجز شروع کیے ہیں۔ اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر ناصر قاعدی نے بتایا ہے کہ پیکجز کا اجراء اس ماہ بحرین سیزن کے موافق ہے، جس کے دوران BTEA نے تہواروں اور تقریبات سے بھرپور ایک پروگرام تیار کیا ہے، سیاحتی پیکجز جی سی سی کے شہریوں اور رہائشیوں کو ہوٹل ریزرویشن کے لیے خصوصی نرخوں کے ساتھ بحرین جانے کا موقع فراہم کریں گے، اس سے ان کے بجٹ کے مطابق سیاحتی مقامات کی سرگرمیوں تک رسائی اور مختلف تقریبات میں داخلے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر قاعدی نے مزید کہا کہ ہم اس ماہ بحرین کے تہواروں کے موسم میں جی سی سی کے تمام ممالک سے آنے والے مہمانوں کا استقبال کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں، ہم سیاحوں کی ضروریات اور بجٹ کے مطابق بہترین پیکجز ڈیزائن کرنے کے لیے بے چین ہیں تاکہ وہ بحرین میں اچھا وقت گزار سکیں۔ حال ہی میں بحرین نے 6 ماہ کا ملٹی پل انٹری ای ویزا بھی متعارف کرایا ہے ، اس ویزا کی قیمت 60 بحرینی دینار رکھی گئی ہےجس کی اسی مدت کے لیے تجدید بھی کروائی جاسکے گی، وزارت داخلہ میں قومیت، پاسپورٹ اور رہائشی امور کے انڈر سیکرٹری شیخ ہشام بن عبدالرحمن الخلیفہ نے بتایا کہ نئے ویزا کے لیے جو لوگ درخواست دینا چاہتے ہیں وہ www.evisa.gov.bh ویب سائٹ کے ذریعے ایسا کر سکتے ہیں، اس ویزا کے لیے درخواست دہندگان کو لازمی شرائط کو پورا کرنا ہوگا اور سرکاری یا نجی شعبے میں بطور ٹرینر یا ٹرینی کام کرنا ہوگا، درخواست دہندگان کو تربیت کی تفصیلات واضح کرنے والی کمپنی کی طرف سے ایک خط، کم از کم 6 ماہ کی میعاد کے ساتھ ان کے پاسپورٹ کی کاپی کو اپنی درخواست کے ساتھ منسلک کرنا ہوگا۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں