اماراتی قیادت اور شاہ بحرین کا پرویز مشرف کے انتقال پر اظہار تعزیت

خلیجی ریاستوں کے سربراہان نے صدر مملکت عارف علوی کو تعزیتی پیغامات کے مکتوب ارسال کیے

Sajid Ali ساجد علی پیر 6 فروری 2023 14:26

اماراتی قیادت اور شاہ بحرین کا پرویز مشرف کے انتقال پر اظہار تعزیت
ابوظہبی/منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 فروری2023ء) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور بحرین کے فرمانروا نے پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق شیح محمد بن زاید آل نہیان نے پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو تعزیتی ٹیلی گرام ارسال کیا جب کہ امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ ممد بن راشد آل مکتوم نے بھی صدر ڈاکٹر عارف علوی کو تعزیتی ٹیلی گرام ارسال کیا۔

معلوم ہوا ہے کہ بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے بھی سابق صدر پرویز مشرف کے انتقال پر پاکستان کے صدر عارف علوی کو تعزیتی خط ارسال کیا ہے، اس ضمن میں بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ شاہ بحرین نے صدر عارف علوی، پرویز مشرف کے اہل خانہ اور پاکستان کے عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بحرین اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے، انہیں ترقی دینے اور اپنے ملک کے لیے سابق صدر پرویز مشرف کی خدمات کو سراہا۔

اسی طرح پاکستان میں چین کے سفارتخانے نے بھی سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے انتقال پر تعزیتی پیغام جاری کیا، چینی سفراتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہم سابق صدر پرویز مشرف کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرنا چاہتے ہیں، پرویزمشرف چین کے عظیم دوست تھے، چین پاکستان دوستی اور تعاون میں ان کی عظیم خدمات کو چینی عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے سابق صدر اور سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف 79 برس کی عمر میں متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں انتقال کرگئے، پرویز مشرف طویل عرصے سے بیمار تھے جس کے باعث وہ دبئی میں امریکن یسپتال میں زیر علاج تھے کیوں کہ سابق صدر اور پاک فوج کے سابق سربراہ 18 مارچ 2016ء سے متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں علاج کی غرض سے مقیم تھے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں