بحرین ایئرپورٹ سے 2022ء میں 69 لاکھ مسافر خلیجی ملک پہنچے

ہوائی اڈے پر جہازوں کی ٹریفک میں ایک سال کے دوران 60 فیصد اضافہ ہوگیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 2 مارچ 2023 16:48

بحرین ایئرپورٹ سے 2022ء میں 69 لاکھ مسافر خلیجی ملک پہنچے
منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مارچ2023ء) بحرین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے نے 2022 میں 69 لاکھ مسافروں کا استقبال کیا، جو 2021ء میں 30 لاکھ سے 125 فیصد زیادہ ہے۔ بحرین نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ 2022ء کے دوران موصول ہونے والے مسافروں کی تعداد اب بھی کورونا وباء سے پہلے 2019ء میں آنے والے 96 لاکھ مسافروں سے 29 فیصد کم ہے، بحرین ایئرپورٹ کمپنی کی ایئرپورٹ فیسیلیٹیشن کمیٹی نے ان اعداد و شمار کا انکشاف اس سہولت کے آپریشنل پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس میں کیا، جس میں ایئرپورٹ میں مسافروں، عملے اور سامان کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں کمیٹی نے ہوائی اڈے کی سالانہ کارکردگی کے اعداد و شمار سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا، جس میں دیکھا گیا کہ بحرین کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر ہوائی جہازوں کی ٹریفک کی نقل و حرکت 2022ء میں 82 ہزار تک بڑھ گئی ہے جو 2021ء میں 51 ہزار تھی، یہ مجموعی طور پر 60 فیصد اضافہ ہے جب کہ کارگو ٹنیج 2022ء میں 17 فیصد بڑھ کر 3 لاکھ 79 ہزار ٹن ہوگیا جو 2021ء میں 3 لاکھ 24 ہزار ٹن تھا۔

(جاری ہے)

بحرین ایئرپورٹ کمپنی کے سی ای او محمد یوسف البنفلاح نے کہا ہے کہ ہم سب اس بات پر فخر کرسکتے ہیں کہ ہمارے ہوائی اڈے نے پچھلے سال کتنی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جب ہم وبائی مرض سے پہلے کے اعداد و شمار تک پہنچنے کے قریب پہنچ گئے، یہ ڈیٹا 2023ء میں مزید مضبوط بحالی کی طرف اشارہ کرتا ہے اور مسافروں کی آمدورفت میں اضافے کے ساتھ ہم بحرین انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مہمانوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ میں ایوی ایشن سکیورٹی، آگ سے بچاؤ اور آئندہ مکمل پیمانے پر ہنگامی مشق کے بارے میں پریزنٹیشنز بھی شامل تھیں، جن کے ذریعے ہوائی اڈے کے ہنگامی منصوبے کی جانچ کی گئی اور ممکنہ واقعات سے نمٹنے کے لیے سہولت کی ہنگامی اور ریسکیو خدمات کی صلاحیتوں اور تیاری کا جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں