2 سال بعد بحرین اور قطر کے درمیان براہِ راست پروازوں کا اعلان

دونوں خلیجی ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں 25 مئی سے دوبارہ شروع ہوں گی

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 مئی 2023 10:30

2 سال بعد بحرین اور قطر کے درمیان براہِ راست پروازوں کا اعلان
منامہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 مئی 2023ء ) 2 سال بعد بحرین اور قطر کے درمیان براہِ راست پروازوں کا اعلان کردیا گیا، دونوں خلیجی ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں 25 مئی سے دوبارہ شروع ہوں گی۔ عرب میڈیا کے مطابق عرب ممالک کی جانب سے قطر کے بائیکاٹ ختم کیے جانے کے 2 سال بعد براہ راست پروازیں بحال کی جا رہی ہیں، بحرین اور قطر کے درمیان پروازوں کی بحالی دونوں ممالک اورعوام کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ کے لیے اہم اقدام ہے، پروازوں کی بحالی سے دونوں ممالک کی قیادت اورعوام کی مشترکہ خواہش کو بھی پورا کرتی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ بحرین اور قطر نے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ اہم پیشرفت ریاض میں خلیج تعاون کونسل کے جنرل سیکرٹریٹ کے ہیڈ کوارٹر میں بحرین قطر فالو اپ کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے دوران سامنے آئی، کمیٹی نے مشترکہ قانونی اور سلامتی کمیٹی دونوں کے پہلے اجلاس کے نتائج کا جائزہ لیا، اجلاس میں دونوں ممالک کے وفود کی سربراہی بحرین کی وزارت خارجہ کے سیاسی امور کے انڈر سیکرٹری الشيخ عبد الله بن أحمد آل خليفہ اور قطر کی وزارت خارجہ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر احمد الحمادی نے کی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ بحرین اور قطر نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور 1961ء کے سفارتی تعلقات سے متعلق ویانا معاہدے کی دفعات کے تحت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ قدم خلیج تعاون کونسل کے آئین کے مقاصد کے تحت اور دونوں ریاستوں کے درمیان مساوات کے اصولوں کے احترام کے تحت دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور خلیجی ملکوں کے اتحاد کو بڑھانے کی باہمی خواہش کے نتیجے میں سامنے آیا جب کہ اس اہم اقدام کے لیے قومی خودمختاری و آزادی، علاقائی سالمیت اور اچھے ہمسایوں کے اصولوں کو بھی مد نظر رکھا گیا۔

دوسری طرف بحرین اور قطر کو غیرملکیوں کے لیے بہترین ممالک کے طور پر مانا گیا ہے، انٹر نیشنز کے ایکسپیٹ ایسنسیشل انڈیکس میں بحرین، متحدہ عرب امارات، عمان، سعودی عرب اور قطر کو غیر ملکیوں کے لیے بہترین 10 ممالک میں شامل کیا گیا ہے، اس لسٹ میں بحرین پہلے نمبر پر ہے، اس کے بعد متحدہ عرب امارات دوسرے اور سنگاپور تیسرے نمبر پر ہے، عمان، سعودی عرب اور قطر بالترتیب پانچویں، ساتویں اور آٹھویں نمبر پر ہیں۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں