بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کیلئے پرامید

تین سے چار روز میں سکیورٹی کلئیرنس مل جائے گی جس کے بعد دورہ پاکستان کے شیڈیول کا اعلان کیا جائے گا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 15 دسمبر 2019 11:20

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کیلئے پرامید
ڈھاکہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 دسمبر2019ء) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کیلئے پرامید ہیں۔ بی سی بی کے صدر ناظم الحسن نے اس حوالے سے کہا ہے کہ تین سے چار روز میں سکیورٹی کلئیرنس مل جائے گی جس کے بعد دورہ پاکستان کے شیڈیول کا اعلان کیا جائے گا۔ صدر ناظم الحسن نے مزید کہا ہے کہ دورہ پاکستان کیلئے کھلاڑیوں کو مجبور نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری دو ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں جبکہ قومی ٹیم کے دورے کیلئے حکومت سے سیکیورٹی کلیئرنس مانگی ہے اور اب حکومت کے جواب کے منتظر ہیں تاہم لگتا ہے کہ کلیئرنس مل جائے گی اور اس کے بعد ہی ہم اپنا فیصلہ سنائیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اجازت مل بھی گئی تو کھلاڑیوں پر وہاں جانے کیلئے دباو نہیں ڈالا جائے گا۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان پر رضامند ہوگیا ہے، باقاعدہ اعلان کچھ دنوں تک متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی کوششیں بالآخر کام آگئی ہیں اور اب بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر رضامند ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ پچھلے کچھ مہینوں سے پی سی بی کوششیں کر رہا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے، جس کیلئے ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور کچھ سینئر کھلاڑیوں کو دورے پر تحفظات ضرور تھے لیکن اب یہ تحفظات دور ہوچکے ہیں۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے تمام سینئر کھلاڑی پاکستان کے دورے میں ٹیم کا حصہ ہوں گے جن میں شکیب الحسن، مشفیق الرحیم زیر فہرست ہیں۔ واضح رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم اس وقت پاکستان کے دورے پر ہے جہاں اسے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورے پاکستان کی وجہ سے بھی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کیلئے پرامید

ڈھاکہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں