ملک کے 70ویں یوم آزادی چین ،ْمصر ،ْ ہانگ کانگ اور ترکی میں جوش وجذبے سے منایاگیا

پاکستانی سارتخانوں میں تقاریات کا اہتمام ،ْ پرچم کشائی کی گئی ،ْ صدر اور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے

پیر 14 اگست 2017 19:36

ملک کے 70ویں یوم آزادی چین ،ْمصر ،ْ ہانگ کانگ اور ترکی میں جوش وجذبے سے منایاگیا
قاہرہ /ہانگ کانگ /انقرہ/بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2017ء) ملک کے 70ویں یوم آزادی مصر ،ْ ہانگ کانگ اور ترکی میں جوش وجذبے سے منایاگیا ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے 70 ویں آزادی کے موقع پر مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانہ میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، ان کے اہل خانہ، معروف شخصیات اور مقامی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر صدر اور وزیراعظم کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر مشتاق علی شاہ نے پاکستان اور مصر کے درمیان تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو جشن آزادی کے موقع پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

پاکستان انٹرنیشنل سکول قاہرہ کے طلباء و طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ملی نغموں سے حاضرین کو محظوظ کیا۔

مصر کے سرکاری اخبار نے اس موقع پر خصوصی اشاعت کا اہتمام بھی کیا تھا۔ بعد ازاں پاکستانی سفیر نے مصری ذرائع ابلاغ سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں پاکستان اور مصر کے درمیان تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ ادھر چین کے خود مختار علاقہ ہانگ کانگ میں یومِ آزادی پاکستان کے حوالہ سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ہانگ کانگ میں پاکستان کے قونصل جنرل عبدالقادر میمن نے قومی پرچم لہرایا۔

پاکستان کلب میں منعقدہ تقریب میں سینکڑوں پاکستانی اور مقامی باشندوں نے شرکت کی۔ تقریب میں صدر اور وزیرِاعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھے گئے اور ملک کیلئے خصوصی دعائیںمانگی گئیں۔دریں اثناء ملک کے 70 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستانی سفارتخانہ میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی، پاکستانی طلباء و طالبات، سفارتخانہ کے اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر انقرہ میں پاکستان کے ناظم الامور سیّد علی اسد گیلانی نے قومی پرچم لہرایا اور صدر اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے۔ پاکستانی ناظم الامور نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے قائدین اور کارکنوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر مقدم رکھنا ہو گا اور ملک کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان برادر اور دوست ممالک ہیں، یوم آزادی کے موقع پر اسلام آباد اور کراچی میں فضائی مظاہروں میں ترک فضائیہ ’’سولو ترک‘‘ کی شمولیت نے پوری پاکستانی قوم کا دل جیتا ہے۔ انہوں نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ دونوں ممالک عنقریب مشترکہ ڈاک ٹکٹ جاری کریں گے، یہ ٹکٹ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر جاری ہو گا۔

بعد ازاں پاکستانی سفیر نے بچوں کے ہمراہ آزادی کا کیک کاٹا۔ دوسری جانب پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے قومی پرچم لہرایا جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔ پاکستانی سفیر نے یوم آزادی کے موقع پر صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے۔

پاکستانی سفیر نے چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو جشن آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ قوم کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے تمام پاکستانی متحد ہیں۔ انہوں نے تحریک پاکستان کے اکابرین کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان قربانیوں کے نتیجہ میں پاکستان معرض وجود میں آیا، اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نے اپنے وطن کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا کرنا ہے۔ اس موقع پر پاکستانی طلباء و طالبات نے ملی نغمے گائے۔ بعد ازاں جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔

متعلقہ عنوان :

میں شائع ہونے والی مزید خبریں