قاہرہ:چائے میں چینی کم ڈالنا بیوی کا جُرم بن گیا

شقی القلب خاوند نے معمولی بات پر جیون ساتھی کو زندگی سے محروم کر ڈالا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 27 اگست 2018 15:27

قاہرہ:چائے میں چینی کم ڈالنا بیوی کا جُرم بن گیا
قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 اگست 2018) میاں بیوی کے درمیان اکثر چھوٹے موٹے جھگڑے ہو ہی جاتے ہیں۔ کوشش یہی ہونی چاہیے کہ ان جھگڑوں کو طول نہ دیا جائے تاکہ گھر کا ماحول خراب نہ ہو اور خاص طور پر بچوں کے معصوم ذہنوں پر بُرے اثرات مرتب نہ ہوں‘ کیونکہ ماں باپ کے درمیان ہونے والی نوک جھونک بچے کی ذہنی نشوونما پر منفی اثر ڈالتی ہیں اور وہ آگے چل کر بیمار ذہنیت کا حامل فرد بن سکتا ہے۔

سمجھدار ازدواجی جوڑے لڑائی سے حتی الامکان اجتناب کرتے ہیں اور اگر اس کی نوبت آ بھی جائے تو تھوڑی دیر کے لیے خاموشی اختیار کرتے ہیں تاکہ معاملہ سُلجھ جائے۔ مگر کچھ افراد ایسے ہوتے ہیں جن میں قوتِ برداشت کی شدید کمی ہوتی ہے اور اپنی حیوانی صفت کے تابع ہونے کے باعث وہ خطرناک جُرم کا ارتکاب کر ڈالتے ہیں۔

(جاری ہے)

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ایک ایسا انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ۔

جس میں خاوند نے بیوی کو محض اس بات پر قتل کر ڈالا کہ وہ چائے میں چینی کی مقررہ مقدار ڈالنا بھُول گئی تھی۔ پولیس نے 35 سالہ مصری کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق انسانیت سے عاری شخص نے اپنی بیوی سے چائے کی فرمائش کی۔ خاتون کچن میں دُوسرے کاموں میں مصروف ہونے کے باعث خاوند کی مرضی کی چینی کی مقدار ڈالنا بھُول گئی ۔ بس اتنی سی بات پر خاوند نے غضبناک ہو کر خاتون کو بُرا بھلا کہا ۔

خاتون کی جانب سے خاوند کو گالیاں دینے سے باز کرنا بے رحم شوہر کے لیے مزید اشتعال کا باعث بن گیا۔ اُس نے آؤ دیکھا نہ تاؤ ‘ کچن میں گیا‘ وہاں سے چھُری اُٹھائی اور بیوی کے گلے میں گھونپ دی۔ بیوی خون میں لت پت تڑپتی رہی مگر درندہ صفت شخص کو اُس کی اس درد ناک حالت پر بھی رحم نہ آیا۔ اپنی حرکت پر پشیمان ہو کر بیوی کو ہسپتال لے جانے کی بجائے وہ اُسے اپنے سامنے تکلیف دہ حالت میں مرتا دیکھتا رہا۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کی غرض سے قریبی ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے اُسے سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

قاہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں