جرابیں ڈھونڈنے سے انکار پر ظالم باپ نے بیٹی کو موت کے گھاٹ اُتار دیا

ظالم باپ کم سن بیٹی کو پکڑ کر اُس کا سر دیوار پر مارتا رہا، یہاں تک کہ اُس کی موت ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 29 جنوری 2020 16:29

جرابیں ڈھونڈنے سے انکار پر ظالم باپ نے بیٹی کو موت کے گھاٹ اُتار دیا
قاہرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29جنوری 2020ء) والدین اپنی اولاد کے رحمت اور شفقت کا گھنا سایہ ہوتا ہے اور اُن کی ذرا سی تکلیف پر بھی بے چین ہو اُٹھتے ہیں۔ والدہ کے ساتھ ساتھ والد بھی اپنی اولاد پر اپنی جان اور محبت نچھاور کرنے کے لیے ہر دم پیش پیش ہوتا ہے۔ خصوصاً بیٹیوں کے ساتھ تو والد کا پیار بیٹوں کے مقابلے میں کہیں بڑھ کر ہوتا ہے۔ تاہم یہ دُنیا ایسے سنگ دِلوں سے بھی بھری پڑی ہے جو پدرانہ شفقت سے محروم ہوتے ہیں۔

اولاد کی رحمت سے ناآشنا لوگوں کے گھناؤنے کرتوت بھی اکثر میڈیا کی خبروں کی زینت بنتے ہی رہتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ مصر کے شہر قاہرہ میں پیش آیا ہے جہاں ایک مصری شخص نے معمولی سی بات پر اپنی کم سن بیٹی کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق مصری والد نے اپنی 14 سالہ بیٹی کو صرف اس وجہ سے مار دِیا کہ اُس نے جرابیں ڈھونڈ کر دینے سے انکار کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

جس پر سنگ دِل باپ کو اتنا طیش آیا کہ اُس نے بیٹی کو پکڑ کر بار بار اُس کا سر دیوار سے دے مارا۔ معصوم بیٹی دماغی چوٹوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دُنیا سے رخصت ہو گئی۔ تاہم سفاک باپ نے اس کی موت کو حادثے کا رنگ دینے کی خود کُشی کی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر جب علاقہ پولیس تفتیش کی غرض سے آئی تو بدنصیب بیٹی کے سر پر ایسے نشانات پائے گئے جن سے پتا چلتا تھا کہ اُس پر بے شمار ضربیں لگی ہیں۔

پولیس نے شک پڑنے پر والد سے پوچھ گچھ کی تو پہلے اس نے تفتیش کاروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی تاہم پھر خوف کے مارے اس نے ساری حقیقت اُگل دی۔ والد کا کہنا تھا کہ اُس نے بیٹی سے کہا کہ وہ اُس کی جرابیں ڈھونڈ کر دے، مگر اُس نے ایسا کرنے سے انکار کیا۔ جس پر اُسے طیش آیا اور اسی اشتعال کی حالت میں اُس کے ہاتھوں بیٹی کی زندگی چلی گئی۔ اس انکشاف کے بعد پولیس نے والد کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اگلے چند روز میں والد کو عدالت میں پیش کر کے اس کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

قاہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں