مصر: پرائمری کلاس کے طالب علم نے اُستاد کو رکشہ تلے کُچل ڈالا

اُستاد کی جانب سے نالائق طالب علم کوسالانہ امتحانات میں انگریزی کے مضمون میں فیل کرنا اس واقعے کا باعث بنا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 14 فروری 2020 10:42

مصر: پرائمری کلاس کے طالب علم نے اُستاد کو رکشہ تلے کُچل ڈالا
قاہرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14فروری 2020ء) اُستاد کا ہر معاشرے اور ہر مذہب میں بہت احترام ہے کیونکہ اچھا اور قابل اُستاد اپنے شاگردوں کو ذہنی پستی سے اُٹھا کر فکر ، شعور اور ترقی کی بلند آسمان پر لے جاتا ہے۔ مذہب اسلام میں تو معلمی کو پیغمبری پیشہ قرار دیا گیا ہے۔ تاہم آج کے دور میں ایسے بدبخت طالب علموں کی کوئی کمی نہیں جو اُستاد کے مرتبہ اور فضیلت کو خاطر میں نہیں لاتے۔

اپنی خامیوں کو کمزور کرنے کی بجائے اپنی ناکامیوں کو اُستاد کی ذاتی مخالفت کا نام دیتے ہیں اور اس بناء پر اُستاد سے ناروا سلوک بھی کر بیٹھتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ مصر میں بھی پیش آیا ہے جہاں ایک بگڑے ہوئے طالب علم نے اپنے اُستاد کو رکشہ تلے کُچل کر شدید زخمی کر ڈالا۔ مصری اخبار کے مطابق یہ واقعہ سوھاج کمشنری میں پیش آیا۔

(جاری ہے)

جہاں پرائمری کلاس کے طالب علم نے اپنے اُستاد کی جانب سے انگریزی کے مضمون میں فیل کیے جانے پر اُس سے خوفناک انتقام لے لیا۔

پولیس کے مطابق پرائمری اسکول کے ہیڈ ماسٹر کی جانب سے رپورٹ درج کرائی گئی کہ سکول کے ایک ماسٹر کو اُن کے شاگرد نے ہی اپنے رکشہ تلے جان بُوجھ کر کُچل ڈالا ہے جس کے باعث وہ شدید زخمی حالت میں ہیں۔ زخمی ٹیچر کو ہسپتال پہنچانے کے بعد یہ گھناؤنی حرکت کرنے والے طالب علم کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تاہم وہ مفرور ہو چکا تھا۔ جس کی تلاش جاری ہے۔

زخمی اُستاد نے پولیس کو بتایا کہ اُن کا ایک شاگرد انگلش کے مضمون میں بہت نالائق تھا اور ہر ٹیسٹ میں اُس کی کارکردگی بہت خراب ہوتی تھی۔ اُس کے والدین کو بھی مطلع کیاگیا تھا کہ وہ اس کی پڑھائی پر توجہ دیں، ورنہ اُس کا سالانہ امتحان میں نتیجہ خراب آ سکتا ہے۔ وقوعے کے روز جب نتیجہ آیا تو یہ طالب علم انگریزی کے امتحان میں ایک بار پھر ناکام ہوگیا تھا۔

جس کا بدلہ لینے کے لیے وہ فوراً اسکول سے چلا گیا اور جب اُستاد سکول سے کچھ فاصلے پر پیدل چل رہا تھا تو موقع کی تاک میں بیٹھے شاگرد نے اُسے اپنے رکشہ تلے کچل کر شدید زخمی کر ڈالا۔ طالب علم کے ساتھیوں نے بھی پولیس کو بتایا کہ نتیجہ سُننے کے بعد وہ شدید مشتعل ہو کر سکول سے باہر چلا گیا تھا، تاہم کسی کو اُمید نہیں تھی کہ وہ اس شرمناک حد تک بھی جا سکتا ہے۔ پولیس کی جانب سے طالب علم کی تلاش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :

قاہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں