مصر: دُولہے نے شادی کی پہلی رات ہی دُلہن کو دسویں منزل سے دھکا دے دیا

ملزم کے مطابق منگنی کے بعد سے ہی ان میں نوک جھونک ہوتی رہتی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 20 مارچ 2020 11:55

مصر: دُولہے نے شادی کی پہلی رات ہی دُلہن کو دسویں منزل سے دھکا دے دیا
قاہرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 مارچ 2020ء) مصر میں ایک دولہا نے اپنی دولہن کو شادی کے چند گھنٹوں بعد ہی ہلاک کر ڈالا۔ اُردو نیوز کے مطابق یہ واقعہ مصر کے ساحلی شہر اسکندریہ میں پیش آیا۔ جس نے پورے ملک میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک دُولہا نے شادی کی رات ہی کسی بات پر طیش میں آ کر اپنی نوبیاہتا بیوی کو دسویں منزل سے دھکا دے کر مار ڈالا۔

جب رہائشی بلڈنگ کے مکینوں نے گراؤنڈ فلور پر عروسی لباس میں ملبوس میں خاتون کی لاش دیکھی تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع کر دی۔ علاقہ مکینوں کو سمجھ نہ آ سکی کہ یہ خاتون کون تھی اور اس نے بیاہ کا لباس کیوں پہنا ہوا تھا۔ پولیس کی ایک ٹیم فوری طور پر ایمبولینس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچی جس نے لاش کا معائنہ کرنے کے بعد خاتون کی موت کی تصدیق کر دی۔

(جاری ہے)

لاش کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال کے سرد خانے میں منتقل کر دیا گیا۔ تفتیش کے بعد دولہا کو گرفتار کر لیا گیا تو اس نے انکشاف کیا کہ وہی خاتون کا قاتل ہے۔ دُولہا نے اپنے اعترافی بیان میں کہا ”جو کچھ ہوا اس کا میں ہی ذمہ دار ہوں۔ دراصل ہم دونوں کے درمیان نوک جھونک ہوگئی تھی۔ مجھے غصہ آیا اور میں نے دلہن کو دسویں منزل سے نیچے پھینک دیا“ ۔

مصری دولہا نے قتل کی واردات کا سبب بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب سے میری منگنی ہوئی تھی تب سے ہم دونوں میں لڑائی جھگڑا ہوتارہتا تھا۔ شادی کی پہلی رات ہی مجھے ایسا محسوس ہورہا تھا کہ اب ہماری زندگی کانٹوں کی سیج بن گئی ہے۔پولیس نے دولہا کو پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا جس نے اسے چار روزہ ریمانڈ پر حوالات بھیج دیا او راس پر قتل کی فرد جرم بھی عائد کردی۔

اس واقعے پر مصر کے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ اگر دونوں کے تعلقات خوشگوار نہیں تھے تو منگنی کے بعد ہی اپنے راستے الگ کر لینے چاہیے تھے۔ ملزم نے ذہنی طور پر مطمئن نہ ہونے کے باوجود شادی کیوں کی؟ یہ سارا معاملہ بہت عجیب اور نہ سمجھ آنے والا دکھائی دے رہا ہے۔ جس کا سراغ لگانے کی ضرورت ہے۔ 

قاہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں