مصری نوجوان نے نماز کا مذاق بنا ڈالا

بدبخت نوجوان نماز کی ادائیگی کے دوران سگریٹ پیتا رہا، جبکہ ساتھی نوجوان اس ناپاک جسارت کی ویڈیو بناتے رہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 13 اپریل 2020 11:41

مصری نوجوان نے نماز کا مذاق بنا ڈالا
قاہرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 اپریل 2020 ء) دُنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے لاکھوں افراد متاثر ہیں جبکہ سوا لاکھ کے قریب افراد دُنیا سے رخصت ہو چکے ہیں۔ انسانیت پرآنے والے اس کڑے وقت میں تمام مذاہب کے لوگ دن رات عبادتوں، دُعاؤں اور مغفرتوں میں مشغول ہو چکے ہیں۔ اہلِ اسلام بھی خانہ کعبہ میں عمرہ اور عبادت کی ادائیگی سے محروم ہونے کے باعث انتہائی دل گرفتہ ہیں، مسجد نبوی بھی زائرین کے دیدار کے لیے عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔

ہر روز کروڑوں مسلمان خدا کے حضور گڑگڑا کر کورونا کی موذی وبا کے مکمل خاتمے کی دُعائیں کر رہے ہیں۔ تاہم ایسے بدبختوں کی بھی کمی نہیں جو توبہ استغفار کرنے کی بجائے عبادت جیسے مقدس و متبرک عمل کی سر عام توہین کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی اخبار المرصد کے مطابق مصر میں ایک نوجوان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جو نماز کے دوران سگریٹ پیتا رہا۔

جبکہ اس کے ساتھی اس سے مذاق کرنے کے دوران اس کی ویڈیوبھی بناتے رہے۔ اس شرمناک واقعے کی ویڈیو میں ایک نوجوان گھر پر نماز پڑھتا دکھائی دے رہا ہے، جب یہ نوجوان سجدے سے اُٹھتا ہے تو اس کا ایک دوست اس کے منہ میں سگریٹ ڈال دیتا ہے، جس کے بعد یہ نوجوان سگریٹ کا کش لیتا ہے، اور پھر سگریٹ اُنگلیوں میں پکڑ کر قیام کی حالت میں آ جاتا ہے ۔ اس دوران یہ بدبخت نوجوان ساتھ ساتھ سگریٹ کے کش بھی لیے جاتا ہے۔

نوجوان کے ساتھی اس دوران اس سے سگریٹ چھیننے کی کوشش بھی کرتے ہیں ۔ جب یہ انتہائی نامناسب ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین شدید مشتعل ہو گئے۔ لوگوں نے اسلام کے اہم ترین رُکن نماز کا مذاق بنانے والے نوجوان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ نماز وہ حالت ہوتی ہے جب ایک مسلمان اپنے تن من کی حاضری کے ساتھ رب سے ہم کلام ہوتا ہے۔

اللہ کی عبادت کا سگریٹ پی کر مذاق بنانا گناہِ کبیرہ ہے اور اسلامی معاشرے اور قانون میں بھی ایک ناقابلِ معافی جُرم ہے۔ نماز کے دوران سگریٹ پینے والے اور اس کے ساتھی نوجوانوں کو بھی اس ناقابلِ یقین حرکت پر گرفتار کر کے انہیں عبرت کا نشان بنایا جائے۔ تاکہ کسی کو آئندہ عبادتِ الٰہی کا مذاق بنانے کی ناپاک جسارت نہ ہو ۔ مصری داخلہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نماز پڑھنے والے نوجوان اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ نوجوان بحیرہ صوبے کے شہر رحمانیہ کا رہنے والا ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں ملزمان کلاس فیلوز ہیں، ان تینوں کے قبضے میں موجود موبائل فون بھی ضبط کر لیے گئے ہیں۔ 

قاہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں