”تمہارا کورونا ٹیسٹ مثبت کیوں آیا؟“

مصری خاوند نے کورونا زدہ بیوی کوپانچویں منزل سے پھینک دیا،زخمی خاتون کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 24 جون 2020 10:41

”تمہارا کورونا ٹیسٹ مثبت کیوں آیا؟“
قاہرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24جون 2020ء) دُنیا بھر میں 90 لاکھ سے زائد افراد کورونا کا شکاربن چکے ہیں۔ جب بھی کسی مرد یا خاتون کو کورونا لاحق ہوتا ہے تو اس کے گھر والے اس سے ہمدردی کا سلوک کرتے ہیں اور اس کی جلد صحت یابی کا دُعائیں مانگتے ہیں، تاہم مصر میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیاہے جس میں ایک خاوند نے اپنی بیوی کو اس بناء پر پانچویں منزل سے دھکا دے دیا، کہ اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت کیوں آیا ہے۔

اس انوکھے واقعے نے مصری عوام کے دل دہلا کر رکھ دیئے ہیں۔ المرصد کے مطابق مصری خاوند کو جب پتا چلا کہ اس کی بیوی کورونا کا شکار ہو گئی ہے تو اس نے اس سے ہمدردی کرنے کی بجائے لڑائی جھگڑا کرنا شروع کر دیا۔ یہ لڑائی جھگڑااتنا بڑھا کہ خاوند نے اپنی کورونا زدہ بیوی کوپانچویں منزل پر واقع فلیٹ کی کھڑکی سے پھینک دیا۔

(جاری ہے)

بیچاری خاتون اُونچائی سے گرنے کے باعث شدیدزخمی ہو گئی۔

جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ مریضہ کی ریڑھ کی ہڈی جگہ جگہ سے ٹوٹ گئی ہے اور اس کی حالت انتہائی نازک ہے۔ پولیس نے مریضہ سے پوچھ گچھ کے بعد اس درندگی کا ارتکاب کرنے والے مصری خاوند کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار خاوند نے پولیس کے رُوبرو بتایا کہ ان کے درمیان پہلے بھی ازدواجی اختلافات چل رہے تھے، تاہم جب اسے پتا چلا کہ اس کی بیوی کو کورونا بھی ہو گیا ہے تو وہ غضب ناک ہو گیا کہ شاید اس کی وجہ سے وہ بھی کورونا کا شکار بن گیا ہو گا۔

ملزم نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ کورونا کے معاملے پر بحث کے دوران ان کا جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ وہ اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھا ۔ جس کے بعد اس نے اپنی بیوی کو کھڑکی سے دھکا دے دیا۔ جو اُونچائی سے گر کر شدید زخمی ہو گئی۔ بے حس خاوند نے اپنی بیوی کے زخمی ہونے پر بھی متعلقہ اداروں کو اطلاع نہ دی۔ جب ہمسایوں نے خاتون کوگراؤنڈ فلور پر شدید زخمی حالت میں بے ہوش پڑا دیکھا تو اسے فوری طور پراسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

قاہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں