کم سن لڑکی کو سوتیلے باپ نے مسلسل جنسی زیادتی کے بعد حاملہ کر دیا

مصری نوجوان نے سوتیلے باپ کو پانچویں منزل سے پھینک کر بدلہ لے لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 27 جون 2020 13:35

کم سن لڑکی کو سوتیلے باپ نے مسلسل جنسی زیادتی کے بعد حاملہ کر دیا
قاہرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جون 2020ء) مصر کے دارالحکومت میں ایک ہوس پرست شخص نے اپنی سوتیلی بیٹی کو ڈرا دھمکا کر کئی بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جس کے باعث یہ کم سن لڑکی حاملہ ہو گئی۔ سعودی اخبار المرصد کےمطابق بدنصیب لڑکی کو سوتیلا باپ دھمکیاں دیتا رہا کہ اگر اس نے اپنی زبان کھولی تو وہ اس کے سمیت تمام تمام گھر والوں کو قتل کر دے ۔

یوں حوا کی بیٹی اپنے سوتیلے والد کے ہاتھوں کئی ماہ تک جنسی تذلیل کا نشانہ بنتی رہی تاہم جب اس کی طبیعت خراب ہونے پر اسے ہسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے کم سن لڑکی میں حمل ٹھہر جانے کی تصدیق کر دی۔ یہ خبر لڑکی کی ماں پر بجلی بن کر گری۔ وہ یہی سمجھتی رہی کہ اس کی بیٹی کے محلے میں کسی نوجوان سے ناجائز تعلقات ہوں گے جس کی وجہ سے وہ حاملہ ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

والدہ نے بیٹی کی مار پیٹ کی تو بالآخر اس نے یہ ہولناک انکشاف کیا کہ اس نے کسی غیر شخص سے جنسی تعلقات اُستوار نہیں کیے تھے، بلکہ اس کا سوتیلا باپ ہی اس کا عزت کا لٹیرا نکلا ہے۔ جس نے ایک روز اسے گھر میں اکیلا پا کر اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اور اسے ڈرایا دھمکایا کہ کسی کو اس بارے میں بتایا تو تمام گھر والوں کی جان لے لے گا ۔ لڑکی کی اپنے گھر والوں کی عزت کی خاطر خاموشی اس کے مزید جنسی استحصال کا ذریعہ بن گئی۔

بدبخت سوتیلا مزید کئی مہینوں تک بدنصیب بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا، یہاں تک کہ ایک روز وہ حاملہ ہو گئی۔ لڑکی کی ماں کو جب اس بات کا پتا چلا تو وہ طیش میں آ گئی۔ اس نے اپنے بیٹے کو ساری بات بتا دی۔ نوجوان نے اپنے تین دیگر رشتہ داروں کے ساتھ مل کر اپنے سوتیلے باپ کو پانچویں منزل پر واقع اپنے فلیٹ سے نیچے پھینک دیا۔ جس کے نتیجے میں سوتیلے باپ کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔

پولیس نے یہ واردات انجام دینے والے نوجوان اور کے ساتھیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مئی میں سعودی عرب میں ایک پاکستانی شہری محمد عمر ولد محمد لئیق جمالی اور اس کے دو سعودی ساتھیوں ھتان بن سراج بن سلطان الحربی اور سلطان بن سراج بن سلطان الحربی کوڈکیتی کی وارداتیں کرنے اور ایک گھر میں گھُس کر دو خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے جُرم میں موت کی سزا سُنائی گئی تھی،جس کے بعد ان تینوں کا سر قلم کر دیا گیا۔

پاکستانی شہری محمد عمر اور اس کے دونوں سعودی ساتھی ھتان اور سلطان سیکیورٹی اہلکاروں کے بھیس میں ایک گھر میں داخل ہوئے، اس دوران انہوں نے شراب بھی پی رکھی تھی۔ تینوں افراد نے گھر میں گھُستے ہی ایک خاتون کوچاقو کی نوک پر یرغمال بنا لیا۔ سعودی نوجوان ھتان نے اس خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا ۔ اسی دوران گھر میں موجود ایک اور خاتون نے ایک کمرے کا دروازہ لاک کر کے خود کو بچانے کی کوشش کی، مگر عمر اور سلطان کمرے کا دروازہ توڑ کر اندر گھُس گئے اور اس خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

دونوں خواتین نے اپنی عزت بچانے کے لیے ان کی بہت منت سماجت کی، مگر ان درندوں پر کچھ اثر نہ ہوا۔ سفاک ملزمان نے یہ واردات انجام دینے کے بعد بڑے سکون سے گھر میں موجود قیمتی سامان اور نقدی لُوٹی اور پھر جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے تھے۔

قاہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں