”کھانا جلدی تیار کیوں نہیں کیا؟“

ظالم مصری شوہر نے ذرا سی بات پر بیوی کا گلہ کاٹ دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 4 جولائی 2020 17:47

”کھانا جلدی تیار کیوں نہیں کیا؟“
قاہرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 جولائی 2020ء) میاں بیوی کا رشتہ محبت اور احساس کا رشتہ ہے، لیکن اگر اس رشتے سے مروت، برداشت اور احساس ختم ہو جائے تو پھر بھیانک انسانی المیے بھی جنم لے سکتے ہیں۔ ایسا ہی ایک درندگی سے بھرپور واقع مصر میں پیش آیا جہاں ایک شوہر نے صرف ا س بات پر بیوی کا گلہ کاٹ کر اسے مار ڈالا کہ اس نے رات کا کھانا تیار کرنے میں دیر لگا دی تھی۔

المرصد کے مطابق یہ خوفناک واقعہ مصر کے صوبے شرقیہ میں پیش آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ظالم شوہر شام کے وقت گھر پہنچا اور بیوی سے کہا کہ وہ کھانا لگا دے۔ بیوی نے اسے بتایا کہ ابھی کھانا بننے میں کچھ وقت ہے۔ اتنی سی بات پر درندہ صفت شوہر آپے سے باہر ہو گیا۔ وہ کچن میں گیا اور وہاں سے چھُری اُٹھا کر لے آیا اور اپنی بیوی کا گلہ کاٹ دیا۔

(جاری ہے)

بدنصیب خاتون کافی دیر تک تکلیف سے تڑپتی رہی، اور پھر بہت زیادہ خون بہہ جانے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔

ملزم اس واردات کے بعد فرار ہو گیا، تاہم پولیس نے اسے تلاش کر کے گرفتار کر لیا۔ خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس واقعے پر مصری عوام میں بہت اشتعال پایا جاتا ہے۔ ملزم کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ایک مصری خاوند نے اپنی بیوی کو اس بناء پر پانچویں منزل سے دھکا دے دیا تھا کہ اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا۔

اس انوکھے واقعے نے مصری عوام کے دل دہلا کر رکھ دیئے ہیں۔مصری خاوند کو جب پتا چلا کہ اس کی بیوی کورونا کا شکار ہو گئی ہے تو اس نے اس سے ہمدردی کرنے کی بجائے لڑائی جھگڑا کرنا شروع کر دیا۔ یہ لڑائی جھگڑااتنا بڑھا کہ خاوند نے اپنی کورونا زدہ بیوی کوپانچویں منزل پر واقع فلیٹ کی کھڑکی سے پھینک دیا۔ بیچاری خاتون اُونچائی سے گرنے کے باعث شدیدزخمی ہو گئی۔

جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ مریضہ کی ریڑھ کی ہڈی جگہ جگہ سے ٹوٹ گئی ہے اور اس کی حالت انتہائی نازک ہے۔ پولیس نے مریضہ سے پوچھ گچھ کے بعد اس درندگی کا ارتکاب کرنے والے مصری خاوند کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار خاوند نے پولیس کے رُوبرو بتایا کہ ان کے درمیان پہلے بھی ازدواجی اختلافات چل رہے تھے، تاہم جب اسے پتا چلا کہ اس کی بیوی کو کورونا بھی ہو گیا ہے تو وہ غضب ناک ہو گیا کہ شاید اس کی وجہ سے وہ بھی کورونا کا شکار بن گیا ہو گا۔

قاہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں