ایسی شاندار موت کہ زندگی بھی رشک کر اُٹھے

مصر کی مسجد میں ایک شخص نماز کی حالت میں خالقِ حقیقی سے جا مِلا، ایمان پرور واقعے کی ویڈیو وائرل

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 25 جولائی 2020 16:17

ایسی شاندار موت کہ زندگی بھی رشک کر اُٹھے
قاہرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 2 جولائی 2020ء) مصر میں ایک ایسا رُوح پرور واقعہ پیش آیا ہے جس پر سب لوگ رشک کر رہے ہیں۔ سعودی اخبار المرصد کے مطابق مصر کے ضلع الکوثر کی ایک مسجدمیں نماز ادا کرنے والا شخص اپنے رب کے حضورنماز شروع کرنے کے چند لمحوں بعد ہی دُنیا سے رخصت ہو گیا۔اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مصری بزرگ جلدی سے مسجد میں داخل ہوتا ہے اور مصلےٰ بچھا کر نماز شروع ہی کرتا ہے کہ اچانک لڑکھڑا کر پیچھے کی جانب گر جاتا ہے۔

مسجد میں موجود نمازی اس کے اچانک گر جانے سے پریشان ہو گئے، کافی دیر تک نمازیوں نے اسے ہلایا جُلایا، مگر اس میں حرکت کے آثار نہ دیکھ کر انہیں پتا چل گیا کہ رب نے اس بندے کو ایک شاندار موت نصیب فرمائی ہے۔

(جاری ہے)

مرحوم کے جاننے والوں نے بتایا ہے کہ وہ ایک ریٹائرڈ افسر تھا۔ جو مسجد میں باقاعدگی سے نماز پڑھتا تھا۔ اپنی موت سے پہلے بھی وہ تیزی سے مسجد میں داخل ہوا تاکہ پہلی صف میں نماز پڑھنے کا ثواب حاصل کر سکے۔

ابھی اس نے جائے نماز بچھاکر نماز شروع ہی کی تھی کہ اسی لمحے وہ کمزوری سے چکرا کر گر پڑا اور اس کی موت واقع ہو گئی۔ نمازیوں نے ریٹائرڈ افسر کو فوری طور پر قریبی ہسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹرز نے بتایا کہ اس کی کافی دیر پہلے موت ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ایک سعودی باشندہ بھی ریگستان میں سجدے کی حالت میں مردہ پایا گیا تھا۔ ریاض ریجن کی وادی الدواسرکا ایک شہری جو گزشتہ تین روز سے لاپتہ تھا، اس کی لاش ایک صحرائی مقام سے مل گئی ہے۔

40 سالہ سعودی ضویحی حمود العجالین پچھلے تین روز سے لاپتہ ہو گیا تھا، پولیس کی جانب سے اسے مردہ حالت میں تلاش کیا گیا۔ العجالین اپنے پک اپ ٹرک پر اکیلا ہی سفرپرروانہ ہوا تھا، تاہم جب گھر والوں کا کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی اس سے رابطہ نہ ہوا، تو انہوں نے پولیس کو اطلاع کر دی۔ پولیس نے العجالین کی تلاش کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی جس نے تین روز کی کوشش کے بعد اسے ایک سنسان ویران صحرائی مقام سے تلاش کر لیا۔

پولیس کے مطابق العاجلین کی نعش سجدے کی حالت میں تھی۔ جس سے یہ لگتا ہے کہ وہ اپنی موت کو قریب دیکھ کر خُدا کی عبادت میں مصروف ہو گیا تھا۔ سجدے کی حالت میں ہی اس کی موت واقع ہو گئی۔العاجلین کی نعش کے قریب ہی اس کی گاڑی بھی کھڑی تھی۔ ابتدائی تحقیقات سے یہی پتا چلتا ہے کہ گاڑی خراب ہونے کے باعث العاجلین اس صحرا میں پھنس گیا۔ بھُوک اور پیاس کی شدت کے باعث اس کی موت واقع ہو گئی۔

متعلقہ عنوان :

قاہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں