مصر کے ٹی وی چینل نے 4 منٹ پہلے ہی مغرب کی اذان دے دی

یوم عرفہ پر روزہ رکھنے والے لاکھوں مصری روزہ داروں کا روزہ ٹوٹ گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 31 جولائی 2020 10:23

مصر کے ٹی وی چینل نے 4 منٹ پہلے ہی مغرب کی اذان دے دی
قاہرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31 جولائی 2020ء) گزشتہ روز مصر میں ایک انتہائی ناقابل یقین واقعہ پیش آیا ہے جس کے باعث لاکھوں روزہ داروں کے روزے ٹوٹ گئے ہیں۔ دُنیا بھر میں کروڑوں مسلمان یوم عرفہ کے موقع پر نفلی روزہ رکھتے ہیں جس کا علمائے دین نے بہت ثواب اور اجر بتایا ہے۔ مصر میں ایک ٹی وی چینل کی سنگین غلطی نے لاکھوں روزہ داروں کا روزہ خراب کر دیا۔

العربیہ نیوز نے بتایا ہے کہ یوم عرفہ کی مناسبت سے گزشتہ روز مصر میں لاکھوں افراد نے روزہ رکھا تھا، تاہم ایک مذہبی چینل کی جانب سے نماز مغرب کی اذان وقت سے پہلے ہی دے دی گئی، جس کے نتیجے میں لاکھوں لوگ انجانے میں اپنا روزہ کھول بیٹھے۔ تفصیلات کے مطابق مصر میں کل جمعرات کو القرآن چینل پر نماز مغرب کی اذان وقت سے پہلے دیے جانے کے نتیجے میں لاکھوں روزہ دار روز توڑ بیٹھے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو یوم عرفہ کو مغرب کی اذان وقت مقررہ سے 4 منٹ قبل دے دی گئی جسے سنتے ہی لاکھوں افراد نے روزہ کھول دیا۔اس واقعے کے بعد حکام نے ٹی وی چینل کے عہدیداروں کو تحقیقات اور انکوائری کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔انکوائری کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا کہ آیا قبل از وقت اذان کسی فنی خرابی سے نشر ہوئی یا یہ کسی شخص کی دانستہ شرارت تھی۔ تحقیقات کے بعد اس واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔

اس واقعے پر سوشل میڈیا پر عوام کی طرف سے سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں نے قبل از وقت اذان نشر کرنے کے واقعے کو اسلامی شعائر کا مذاق اڑانے کے مترادف قرار دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وقت سے قبل اذان مغرب نشر ہونے کے نتیجے میں لاکھوں مسلمانوں کا یوم عرفہ کا نفلی روزہ ضائع ہوا۔دوسری طرف القرآن چینل نے وقت سے قبل اذان نشر کرنے کے واقعے پر عوام الناس سے معذرت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :

قاہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں