سفارتی تعلقات کی بحالی میں پہل قطر نے کی،ایران

دونوں ملکوں کے درمیان تعطل کا شکار دو طرفہ اہمیت کے حامل امور کے حل میں مدد ملے گی،ایرانی وزارت خارجہ

ہفتہ 26 اگست 2017 16:36

سفارتی تعلقات کی بحالی میں پہل قطر نے کی،ایران
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اگست2017ء) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ قطر کی جانب سے تہران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے پہل دوحہ کی طرف سے کی گئی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قطری سفیر کی دوحہ واپسی کا فیصلہ ایرانی اور قطری وزراء خارجہ کے درمیان ہونے والی بات چیت میں کیا گیا تھا مگر اس کی درخواست پہلے قطر کی طرف سے دی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایران قطری سفیر کی تہران واپسی کا خیر مقدم کرے گا۔ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعطل کا شکار دو طرفہ اہمیت کے حامل امور کے حل میں مدد ملے گی۔انہوں نے انکشاف کیا کہ قطری وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے وزیرخارجہ جواد ظریف سے بات کرتے ہوئے اپنے سفیر کی ایران واپسی کی درخواست کی تھی۔

(جاری ہے)

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ قطر نے عملا ایران سے سفارتی تعلقات ختم نہیں کیے۔

دوحہ نے اپنا سفیر صلاح مشورے کے لیے واپس بلا رکھا تھا۔ اب دوبارہ سفیر کو تہران بھیجنے کا اعلان قابل تحسین، دانش مندانہ اور مثبت اقدام ہے۔خیال رہے کہ بدھ کو قطری وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ سفارتی تعطل ختم کرتے ہوئے اپنا سفیر تہران بھیجنے کی تیاری کررہا ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان جنوری 2016ء میں اس وقت سفارتی تعلقات ختم ہوگئے تھے جب سعودی عرب نے ایران سے سفارتی تعلقات توڑنے کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :

تہران میں شائع ہونے والی مزید خبریں