ایران کی امریکی پابندیوں کے جواب میں بڑی دھمکی

آبناءِ ہرمز بند کر کے دنیا کی 40 فیصد تیل کی تجارت بند کر دیں گے،ایران

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 22 اپریل 2019 21:08

ایران کی امریکی پابندیوں کے جواب میں بڑی دھمکی
تہران(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22اپریل2019ء) ایران نے امریکہ کی جانب سے پابندیاں لگائے جانے پر آبناءِ ہرمز بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ ایران نے امریکہ کی جانب سے لگائی جانے والی تجارتی پابندیوں کے بعد دھمکی دی ہے کہ اگر ایران پر معاشی اور تجارتی پابندیاں لگائی گئیں تو ایران آبناءِ ہرمز بند کر کے دنیا کی 40فیصد تیل کی تجارت کو روک دے گا۔

آبنائے ہرمز ایران کے ساحل کے ساتھ ایک تنگ سمندری پٹی ہے جس کے دوسری جانب متحدہ عرب امارات اور اومان کا ساحل ہے اور دنیا کا 40فیصد تیل اسی راستے سے پوری دنیا میں جاتا ہے ۔ 2007کی ایک رپورٹ کے مطابق اس راستے سے روز 1کروڑ 70لاکھ بیرل تیل دنیا میں جاتا ہے۔اس کے علاوہ دنیا کی 20فیصد تجارت اسی راستے سے ہوتی ہے۔ امریکہ نے ایران پر پابندیاں لگاتے ہوئے پوری دنیا کے ممالک کو کہا تھا کہ تمام ممالک ایران کے ساتھ اپنی تجارت بند کر دیں اور 2مئی سے اس پابندی کا اطلاق ہوگا لیکن اب ایران نے امریکہ کو دھمکی دی ہے کہ ایسا ہونے کی صورت میں ایران آبناءِ ہرمز بند کر کے دنیا کی 40فیصد تیل کی تجارت بند کر دے گا، اس کے ساتھ ساتھ دنیا کی باقی تمام تجارت کا 20فیصد حصہ بھی رک جائے گا۔

(جاری ہے)

ایرانی دفترِ خارجہ نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ ایران پر لگائی گئی تمام پابندیاں اٹھائی جائیں ورنہ ایران بھارت، چین، جاپان اور جنوبی کوریا کو جانے والے تمام سامان کا راستہ بند کر دے گا۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو پوری دنیا کی تجارت متاثر ہو گی کیونکہ بھارت، چین، جاپان اور جنوبی کوریا اسی راستے سے آنے والے خام مال سے اشیا بنا کر پوری دنیا کو بھیجتے ہیں۔

تہران میں شائع ہونے والی مزید خبریں