عراق کے شہر تلعفر میں فوجی کاروائیاں ،38 دہشت گرد ہلاک

بموں سے لدی ہوئی 6 گاڑیوں اور داعش کے فوجی تربیتی مرکز کو بھی تباہ کر دیا گیا ،سیکورٹی حکام

جمعہ 25 اگست 2017 16:48

عراق کے شہر تلعفر میں فوجی کاروائیاں ،38 دہشت گرد ہلاک
بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اگست2017ء) عراق کے شہر تلعفر میں فوجی کاروائیوں کے دوران 38 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ بموں سے لدی ہوئی 6 گاڑیوں اور داعش کے فوجی تربیتی مرکز کو بھی تباہ کر دیا گیا ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق عراق کے شہر تلعفر کو دہشت گرد تنظیم سے واگزار کروانے کے لیے فوجی کاروائیاں جاری ہیں ۔حالیہ دو دنوں میں داعش کے زیر کنٹرول 6 محلوں کو داعش سے پاک کروا لیا گیا ہے ۔

اسطرح داعش کے قبضے سے چھڑائے جانے والے محلوں کی تعداد 21 تک پہنچ گئی ہے ۔ داعش کے زیر قبضہ 20 محلوں اور 32 دیہاتوں کو بھی آزاد کروانے کے لیے کاروائیاں جاری ہیں ۔اتحادی قوتوں اور عراقی فوج نے بھی کاروائیوں کو تیز تر کر دیا ہے ۔حالیہ 24 گھنٹوں میں کاروائیوں کے دوران 38 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے اسطرح ابتک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 150تک پہنچ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

بموں سے لدی ہوئی 6 گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا ہے اور داعش کے فوجی تربیتی مرکز کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے دریں اثنا اقوام متحدہ نے علاقے میں مقیم شہریوں کی سلامتی پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے 30 ہزار شہریوں کے شہر میں محصور ہو جانے کا اعلان کیا ہے اور داعش کیطرف سے شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنے اور فرار ہونے کی کوشش کرنے والوں کو پھانسی کی سزا دینے پر تشویش ظاہر کی ہے ۔ کاروائی کے آغاز سے لیکر ابتک 13 ہزار شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔یاد رہے کہ ترکمینوں کی اکثریت کا شہر تلعفر 16 جون 2014 سے داعش کے زیر قبضہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :

بغداد میں شائع ہونے والی مزید خبریں