بغداد میں امریکی سفارت خانے پر پھر سے راکٹوں سے حملہ

2 راکٹ گرین زون میں امریکی سفارتخانےکے قریب گرے، تیسرا راکٹ پڑوسی ڈسٹرکٹ جادریہ میں گرا، حملوں میں کسی جانی یامالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی

muhammad ali محمد علی منگل 7 جنوری 2020 00:39

بغداد میں امریکی سفارت خانے پر پھر سے راکٹوں سے حملہ
بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جنوری2020ء) بغداد میں امریکی سفارت خانے پر پھر سے راکٹوں سے حملہ، 2 راکٹ گرین زون میں امریکی سفارتخانےکے قریب گرے، تیسرا راکٹ پڑوسی ڈسٹرکٹ جادریہ میں گرا، حملوں میں کسی جانی یامالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ روسی خبر رساں اداروں کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک مرتبہ پھر امریکی سفارت خانے کو راکٹوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ بغداد کے گرین زون پر کل 3 راکٹ فائر کیے گئے ہیں۔ 2 راکٹ امریکی سفارت خانے کے قریب گرے ہیں جبکہ 1 راکٹ پڑوسی ڈسٹرکٹ جادریہ میں جا گرا۔ ان راکٹ حملوں میں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ یہاں واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی عراق میں امریکی سفارت خانے اور امریکی ائیربیس پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

حملے میں امریکی سفارت خانہ تو محفوظ رہا تھا تاہم امریکی ائیربیس کے اندر راکٹ گرنے سے کئی امریکی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔

2 روز کے دوران بغداد میں امریکی سفارت خانے اور دیگر تنصیبات پر ہونے والے راکٹ حملوں کی ذمے داری تاحال کسی نے قبول نہیں کیا، تاہم امریکا الزام عائد کر رہا ہے کہ یہ حملے ایران اپنے حمایت یافتہ جنگجووں کے ذریعے کروا رہا ہے۔ جبکہ واضح رہے کہ ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد سے ایران کی فوج اور سپریم لیڈر امریکا سے بدلہ لینے کا متعدد مرتبہ اعلان کر چکے ہیں۔

قاسم سلیمانی کی امریکہ کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد سے خطے کے حالات بہت کشیدہ ہیں۔ خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کسی بھی وقت جنگ چھڑ سکتی ہے۔ اس تمام تشویش ناک صورتحال میں پاکستان سمیت خطے کے دیگر ذمے دار ممالک ایران اور امریکا کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

بغداد میں شائع ہونے والی مزید خبریں