عراق میں امریکی اتحادی افواج کی بیس پر راکٹوں سے حملہ

بیس پر مارٹر گولے بھی فائر کیے گئے، حملے کے دوران بیس کو نقصان پہنچا، تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 25 جولائی 2020 00:13

عراق میں امریکی اتحادی افواج کی بیس پر راکٹوں سے حملہ
بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جولائی2020ء) عراق میں امریکی اتحادی افواج کی بیس پر راکٹوں سے حملہ، حملے کے دوران بیس کو نقصان پہنچا، تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق عراق میں امریکی اتحادی فوج پر دوبارہ سے حملوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عراق کے شہر بغداد کے قریب واقع امریکی اتحادی فوج کی بیس پر جمعہ کی رات کو راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔

نامعلوم سمت سے فوجی بیس پر راکٹ فائر کیے گئے۔ راکٹوں کے علاوہ مارٹر گولے بھی فائر کیے گئے۔ راکٹ لگنے کے باعث فوجی بیس کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ حملے کی زد میں آنے والی فوجی بیس میں اسپین کے فوجی دستے موجود رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کی کشیدگی میں اضافے کے بعد عراق میں امریکا کے فوجی اڈوں پر راکٹ حملوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا، جو اب تک جاری ہے۔

امریکا نے کچھ ماہ قبل ایران کی پاسداران انقلاب کے سربراہ قاسم سلیمانی کو قتل کر ڈالا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا آغاز ہوا تھا۔ ایران نے عراق میں امریکی فوج کی بیس پر باقاعدہ میزائلوں سے حملہ کیا تھا۔ اس حملے کے بعد سے کبھی امریکی سفارت خانے اور کبھی فوجی بیس پر راکٹ فائر کیے گئے۔ تاہم ان حملوں میں امریکا کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بغداد میں شائع ہونے والی مزید خبریں