کویت: شیر کی رہائشی علاقے میں دِن دیہاڑے سیر سپاٹے کی ویڈیو وائرل ہو گئی

سوشل میڈیا صارفین کی اچھی خاصی تعداد بڑی جسامت والے شیر کو دیکھ کر خوفزدہ ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 25 اگست 2018 16:35

کویت: شیر کی رہائشی علاقے میں دِن دیہاڑے سیر سپاٹے کی ویڈیو وائرل ہو گئی
کویت(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 اگست 2018) کویتی حکام کی جانب سے ایک ویڈیو اور چند تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں جس میں ایک بڑی جسامت والے شیر کو شہر کے رہائشی علاقے میں دِن دیہاڑے مٹر گشت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ جب شہریوں نے سرِ عام ایک شیر کو سڑک پر دیکھا تو وہ خوفزدہ ہو گئے جبکہ چند منچلے تو اپنی گاڑی میں بیٹھ کر شیر کی ویڈیو بناتے رہے۔

شہریوں کی جانب سے حکام کو شیر کی موجودگی کی اطلاع دی گئی تو پبلک سیکیورٹی‘ ماحولیاتی پولیس اور النجدہ پولیس فوراً موقع پر پہنچ گئیں۔ شیر کو مسکن ادویات کی مدد سے قابو کیا گیا۔ کویت لائیو سٹاک اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اُنہیں اطلاع ملی کہ ضلع کبد کے رہائشی علاقے میں ایک بڑے سائز کا شیر دیکھا گیا ہے ۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے اُسے پکڑ کر چڑیا گھر والوں کے حوالے کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

شیر کی ایک مصروف سڑک پر چہل قدمی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر صارفین حیرت زدہ ہو گئے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے شیر سڑک کے کنارے بیٹھا ہوا ہے اور پھر وہ گاڑیوں کے درمیان چلنے پھرنے لگتا ہے۔ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو ڈرا دینے والی ہے۔ کویت لائیو سٹاک اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل علی الغطن کا کہنا ہے کہ بظاہر یہی لگتا ہی کہ یہ شیر کسی شخص نے اپنے گھر پر پال رکھا تھا۔

جوموقع پر کر اپنے پنجرے سے باہر نکل آیا۔ اس شیر کے مالک کی تلاش جاری ہے۔ کویت کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے واقعے کے حوالے سے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیر کے مالک کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کیونکہ مُلکی قانون کے تحت وحشی جانوروں کو پالتو بنا کر پالنا اور اپنے پاس رکھنا جرم کے زمرے میں آتا ہے جس پر تین سال قید کی سزا اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

گزشتہ سال پاکستان میں بھی ایک شخص نے اپنی کار میں موجود شیر کی ویڈیو بنا کر وائرل کی تھی۔ سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے سخت ردِعمل آنے کے بعد اُس نے کہاکہ اُس کا پالتو شیر بیمار پڑ گیا تھا جس کے باعث وہ اُسے کار میں سوار کر کے ایک ڈاکٹر کے پاس لے جا رہا تھا۔ آپ بھی کویت میں پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو ملاحظہ کیجیے:

میں شائع ہونے والی مزید خبریں