کویت:ملازمت کے اوقات میں اضافے کی خبر افواہ نکلی

حکام کی جانب سے خبر کی تردید پر مقامی اور غیر مُلکی ملازمین نے سُکھ کا سانس لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 جون 2018 14:15

کویت:ملازمت کے اوقات میں اضافے کی خبر افواہ نکلی
کویت( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جُون 2018ء) گزشتہ کچھ دِنوں سے مُلک بھر میں افواہوں کا بازار گرم تھا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری شعبوں میں ملازمین کے اوقاتِ کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ان افواہوں کی وجہ سے سرکاری شعبوں میں ذمہ داریاں نبھا رہے مُلکی اور غیر مُلکی ملازمین بہت پریشان دکھائی دیتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرمی میں ویسے ہی انسانی جسم کے کام کرنے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے اور بعض دفتری کاموں کی نوعیت ایسی ہوتی ہے کہ ملازمین کو کھُلے آسمان تلے بھی جانا پڑتا ہے۔

اور کئی گھنٹے شدید گرمی میں بھی گزارنا پڑتے ہیں جس کے باعث کام کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے اور بیمار ہونے کا خطرہ بھی لاحق ہوتا ہے۔ ایسے شدید موسم کے دوران اگر کام کے اوقات میں اضافہ کر دیا جائے تو اس سے ملازمین کی صحت متاثر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

لیکن سرکاری ملازمین کے یہ تمام خدشات بے بنیاد ثابت ہو گئے ہیں۔ کویت کے سول سروس کمیشن کی جانب سے تردیدی بیان ثابت آیا ہے جس کی رُو سے حکومتی شعبوں میں ملازمین کے اوقات میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا اور دفتری اوقات بدستور وہی رہیں گے‘ جو پہلے تھے۔

کمیشن کی جانب سے مملکت بھر میں اس حوالے سے پھیلی خبروں کو محض افواہ اور بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ کمیشن کی جانب سے جاری شدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گرمی ہو یا سردی‘ تمام سرکاری ملازمین کے لیے سات گھنٹے کے اوقاتِ کار مخصوص کیے گءئے ہیں۔ سول سروس کمیشن کے 2006ء میں وضع کردہ قوانین کے مطابق ملازمین کو دفتر پہنچنے کے وقت میں تیس منٹ کی رعایت حاصل ہے‘ جبکہ خواتین کو دفتر بند ہونے کے اوقات سے پندرہ منٹ پہلے جانے کی چھُوٹ دی گئی ہے تاکہ اُنہیں اپنے بچوں اور گھریلو ذمہ داریاں نبھانے میں کچھ سہولت حاصل ہو۔ تاہم کچھ شعبے دفتری کام کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے اوقات میں رد و بدل کر سکتے ہیں‘ مگر اس کے لیے انہیں سول سروس کمیشن کے ساتھ صلاح مشورہ کرنا لازمی ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں