کویت: چِند دنوں میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف آپریشن متوقع

اس وقت مملکت میں 90ہزار کے قریب غیر قانونی افراد موجود ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 ستمبر 2018 14:36

کویت: چِند دنوں میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف آپریشن متوقع
کویت(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 ستمبر 2018) کویتی وزارت داخلہ نے مملکت میں موجود تمام غیر قانونی تارکین وطن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر مملکت سے نکل جائیں، ورنہ اُن کے خلاف آئندہ چند روز میں آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔ وزارت کے مطابق وہ افراد جو طویل عرصے سے مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں اور جن کا وزٹ ویزہ ختم ہو گیا، مگر انہوں نے اپنے آبائی وطن کو واپسی نہیں کی، یہ سب پہلی فرصت میں مملکت سے نکل جائیں۔

اگر کوئی غیر قانونی پردیسی آئندہ چند روز بعد ہونے والے آپریشن کے دوران پکڑا گیا تو اس کے خلاف تو کارروائی یقینی ہو گی، مگر اُس کے کفیل اور ضامن کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کیونکہ ویزے کی مُدت ختم ہونے کے بعد کسی غیر مُلکی کو ملازمت پر بحال رکھنا اور اُسے پناہ دینا قانونی طور پر جُرم ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ اقامہ کے مطابق اس وقت مملکت میں 90ہزار کے قریب تارکین وطن غیر قانونی طور پر موجود ہیں۔

ان غیر قانونی تارکین وطن میں سب سے بڑی گنتی ایشیائی باشندوں کی ہے، دُوسرے نمبر پر عرب شہری ہیں۔ مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم عرب باشندوں میں سے سب سے زیادہ تعداد شامیوں کی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق مملکت میں موجود ایسے تارکین وطن جو قانونی طور پر یہاں مقیم ہیں، اُن کی گنتی 28 لاکھ 61 ہزار 380ہے، جن میں سے 20 لاکھ 17 ہزار 084 مرد اور 8 لاکھ 44 ہزار296خواتین ہیں۔

حالیہ دِنوں جاری ہونے والے اعداد و شمار کی رُو سے 10لاکھ7ہزار887تارکین حکومتی اداروں میں برسرروزگار ہیں یا ان کے پاس شق نمبر17کا اقامہ ہے جبکہ 15لاکھ18ہزار711تارکین نجی شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔قانونی تارکین میں سے 6لاکھ 87ہزار267افرادگھریلو ملازمت سے وابستہ ہیں، یا ان کے پاس دفعہ نمبر20کا اقامہ ہے۔محکمہ اقامہ کے ریکارڈ کے مطابق مملکت میں اس وقت قانونی تارکین میں سب سے بڑی تعداد بھارتیوں کی ہے جبکہ غیر مُلکیوں کے لیے وقف ملازمتوں میں دُوسرا نمبر مصری باشندوں کا ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں