کویت:بُرقعہ پوش مرد نے دِن دیہاڑے بینک لُوٹ لیا

اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 25 ستمبر 2018 10:46

کویت:بُرقعہ پوش مرد نے دِن دیہاڑے بینک لُوٹ لیا
کویت(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 ستمبر 2018ء) کویت میں ایک برقعہ پوش شخص دِن دیہاڑے بینک سے بھاری رقم لُوٹ کر فرار ہو گیا۔ یہ واقعہ صوبہ حوالی کے ایک علاقے میں پیش آیا۔ لطف کی بات یہ ہے کہ ملزم نے جس ہتھیار کی بناء پر رقم لُوٹی، وہ اصل نہیں بلکہ کھلونا گن تھی جسے کوئی بھی نہ پہچان سکا۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی ریلیز کی گئی جس میں ایک بُرقعہ پوش مرد بینک میں داخل ہوتا ہے اُس کی چال اتنی زنانہ ہے کہ کسی کو اُس پر قطعاً شک نہیں ہوتا۔

وہ اچانک کیش کاؤنٹرز کے قریب آ جاتا ہے اور کیشیئرز کو گن دکھا کر خوفزدہ کرتا ہے اور پھر اُن سے تقاضا کر تا ہے کہ وہ کسی بُرے نتیجے سے بچنے کے لیے اُن کے پاس موجود رقم اُسے فوری طور پر پکڑا دیں۔ اُس کی بات سُن کر کیشیئر اپنے پاس موجود رقم اُسے تھما دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق ملزم کو گرفتار کیا جا چکا ہے جو کہ اُردن کا باشندہ ہے۔

پولیس کی تفتیش کے دوران اُس نے اپنے جُرم کا اعتراف کر لیا۔ ملزم سے لُوٹی گئی رقم کا کچھ حصّہ برآمد ہو گیا ہے جبکہ باقی کی رقم اُس نے خرچ کر ڈالی۔ ملزم کے اعترافِ جُرم کے بعد عدالتی کارروائی کی خاطر اُسے استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا۔ ملزم نے تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ اس انوکھی واردات کو انجام دینے کے لیے تقریباً ایک ماہ تک بینک کی ریکی کرتا رہا۔

جس کے بعد اُس نے واردات کے لیے اپنی دانست میں موزوں ترین وقت کا انتخاب کیا۔ اپنی شناخت چھُپانے کی غرض سے اُس نے ایک بُرقعہ اور ہینڈ بیگ خریدا تاکہ وہ دیکھنے میں ایک عورت معلوم ہو۔ اس کے بعد اُس نے تین دینار والی کھلونا پستول خریدی۔ واردات کی انجام دہی کے دوران اُس نے بینک سٹاف والوں کو خبردار کیا کہ اگر کسی نے اُس کا پیچھا کرنے یا اُس کے خلاف کوئی بہادری دکھانے کی کوشش کی تو بینک کے باہر موجود تین ماہر نشانہ باز ایسے شخص کو گولی کا نشانہ بنانے کے لیے پوزیشن سنبھالے بیٹھے ہیں۔

ملزم کے مطابق اُس نے یہ واردارت اپنی رہائش گاہ کا کرایہ بھرنے کی غرض سے کی۔ گلف بینک نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر تصدیق کی ہے کہ اُن کی ایک برانچ پر ڈکیتی کی واردات ہوئی تاہم اس حادثے میں کسی شخص کو جسمانی طور پر کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ آپ بھی اس ڈکیتی کی واردات کی ویڈیو ملاحظہ کیجیے:

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں