کویت: بے رحم مالکن فلیٹ کی کھڑکی سے لٹکی ملازمہ کو بچانے کی بجائے اُس کی ویڈیو بناتی رہی

واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کویتی خاتون کو قید کی سزا سُنا دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 4 اکتوبر 2018 17:01

کویت: بے رحم مالکن فلیٹ کی کھڑکی سے لٹکی ملازمہ کو بچانے کی بجائے اُس کی ویڈیو بناتی رہی
کویت(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 اکتوبر2018ء) گزشتہ سال مملکت میں ایک ایسا دلخراش واقعہ پیش آیا تھا جس کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد لوگوں کی جانب سے شدید غم و غصّے کا اظہار کیا گیا اور واقعے کی ذمہ دار خاتون کو سزا دینے کا مطالبہ کیا جانے لگا۔مقامی عدالت نے ساتویں منزل پر واقع اپارٹمنٹ کی کھڑکی میں لٹکی ملازمہ کو بچانے کی بجائے اُس کی ویڈیو بنانے میں مصروف مالکن کو آٹھ ماہ قید کی سزا سُنا دی۔

تفصیلات کے مطابق مارچ 2017ء میں کویت کے نواحی علاقے صباح السالم کے ایک پولیس اسٹیشن کو کسی خاتون کی کال موصول ہوئی جس پولیس اہلکار کو بتایا کہ اُس کی ملازمہ فرار ہونے کی کوشش میں ساتویں منزل پر واقع فلیٹ کی کھڑکی سے لٹکی ہوئی ہے۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو اُسے ایک ادھیڑ عمر ملازمہ کی لاش عمارت کے گراؤنڈ فلور پر پڑی مِلی۔

(جاری ہے)

خاصی اُونچائی سے گِرنے کے سبب ملازمہ کی ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں اور وہ زخموں کی تاب نہ لا کر موقع پر ہی وفات پا گئی تھی۔

خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ملازمہ نوکری چھوڑ کر بھاگنا چاہ رہی تھی۔ فرار ہونے کے لیے اُس نے کھڑکی کا انتخاب کیا مگر توازن برقرار نہ رکھنے کے باعث زمین پر جا گری۔ کچھ عرصہ بعد واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ خادمہ صرف ایک ہاتھ کی مدد سے کھڑکی سے لٹکی ہوئی تھی اور قریب کھڑی مالکن کو مدد کے لیے پُکارتی کہہ رہی تھی کہ میرا ہاتھ پکڑ لو۔

مگر سنگدِل خاتون اُس سے چند فٹ کی دُوری پر کھڑی ڈھٹائی کے ساتھ واقعے کی ویڈیو بناتی رہی۔  اسی دوران لاچار ملازمہ کا ہاتھ کھڑکی سے چھُوٹ گیا اور وہ تیزی سے نیچے جا گِری۔ واقعے کی ویڈیو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت غم و غصّے والا ردِعمل سامنے آیا تھا ۔ ایک شخص نے مذکورہ ویڈیو کی بنیاد پر خاتون کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا۔ عدالت نے خاتون کو سنگین نوعیت کی لاپرواہی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے اُسے آٹھ ماہ قید کی سزا سُنا دی۔ تاہم اس سزا پر کچھ عوامی حلقوں نے اعتراض اُٹھاتے ہوئے کہا کہ خاتون کو اُس کی مجرمانہ بے حِسی کی بِناء پر زیادہ سخت سزا دی جانی چاہیے تھی۔ آپ بھی خاتون کی سنگ دِلی کی غماز یہ دِل دوز ویڈیو ملاحظہ کیجیے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں