کویت میں غیر مُلکیوں کے ملازمت بدلنے پر تین سال کی پابندی عائد

اس پابندی کا اطلاق صرف نجی شعبے کے ملازمین پر ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 24 دسمبر 2018 17:06

کویت میں غیر مُلکیوں کے ملازمت بدلنے پر تین سال کی پابندی عائد
کویت(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 دسمبر2018) ممتاز اخبار کویت ٹائمز کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ کویت میں نجی شعبے کے غیر مُلکی ملازمین پر ملازمت تبدیل کرنے پر تین سال کی پابندی عائد کرنے پر غور و خوض کر رہی ہے۔ اخبار کے مطابق کویت مین پاور اتھارٹی مملکت میں مقیم نجی شعبے کے غیر مُلکی ملازمین پرپابندی عائد کر رہی ہے کہ وہ کویت میں اپنی ملازمت کے پہلے تین سالوں میں ملازمت نہیں بدل سکیں گے۔

یہ پابندی نجی شعبے کے ملازمین پر اُن کے پہلے ورک پرمٹ کے اجراء سے نافذ العمل ہوا کرے گی۔ اسی طرح کی پابندیاں پہلے ہی چھوٹی اور میڈیم کمپنیوں پر بھی عائد کی جا چکی ہیں۔ تاہم دُوسرے شعبوں کے ملازمین ایک سال کی مُدت گزر جانے کے بعد نئے آجر کو اپنی خدمات دے سکتے ہیں یا پھر دُوسری صورت میں چھ ماہ کے بعد بھی نوکری تبدیل ہو سکتی ہے، مگر اس کے لیے 300 کویتی دینار (تقریباً987 امریکی ڈالر) کی ادائیگی کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

اس نئی پابندی کا مقصد کویت کے اسمبلی ممبران کی جانب سے یہ پُر زور مطالبہ ہے کہ مملکت میں غیر مُلکیوں کی تعداد گھٹائی جائے تاکہ مقامی اور غیر مُلکی آبادی کے تناسب میں عدم توازن واقع نہ ہو۔ کویت کی موجودہ 46 لاکھ کی آبادی میں غیر مُلکیوں کی شرح 70 فیصد کے لگ بھگ ہے۔ تاہم کچھ ممبران اسمبلی مقامی اور غیر مُلکی آبادی میں پچاس، پچاس فیصد کا توازن چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے ایک کمیٹی کا قیام کرنے کے لیے حکومت نے مختلف اداروں سے آراء بھی طلب کر رکھی ہیں ۔ اگر آبادی کے اس توازنی فارمولے پر عمل کیا گیا تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ اگلے چند سالوں میں تقریباً پندرہ لاکھ غیر مُلکیوں کو مملکت سے رخصت کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں