شارجہ: ریفریجریٹر اُوپر آ گرنے سے 6 سالہ بچی کی موت

یہ افسوس ناک واقعہ کلبہ کے رہائشی علاقے میں پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 26 فروری 2019 13:56

شارجہ: ریفریجریٹر اُوپر آ گرنے سے 6 سالہ بچی کی موت
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2019ء ) شارجہ میں ایک انتہائی دُکھ بھرا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک ننھی بچی زندگی کی اگلی بہاریں دیکھنے سے پہلے ہی دُنیا سے رخصت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق کلبہ کے علاقے میں یہ افسوس ناک واقعہ اُس وقت رُونما ہوا جب ایک گھر میں مقیم چھ سالہ بچی کچن میں رکھا ریفریجریٹر کھولا اور اُس کی اُوپر والی شیلف میں سے کوئی چیز نکالنے کے لیے نچلے شیلف پر پاؤں رکھ کر چڑھ گئی۔

تاہم فریج اچانک اُلٹ گئی جس کے باعث بچی فریج کے نیچے آ کر بُری طرح کُچلی گئی۔ جب گھر کے ایک فرد نے کسی چیز کے دھڑام سے گرنے کی آواز سُنی تو فوراً کچن کی طرف دوڑا۔ جہاں کا منظر دیکھ کر اُس کے ہوش اُڑ گئے۔ بچی بڑے سائز کے ریفریجریٹر کے نیچے پُوری طرح کُچلی ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

اور بے حِس و حرکت معلوم ہو رہی تھی۔ جس پر بچی کو فوری طور پر الفُجیرہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچی کو وہاں لائے جانے سے قبل ہی اُس کی موت واقع ہو گئی تھی۔

واقعے کے حوالے سے شارجہ سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل سمیع النقبی نے کہا ہے کہ اس طرح کے زیادہ تر واقعات والدین کی بے پرواہی کے باعث رُونما ہوتے ہیں۔ والدین کو اپنے چھوٹے عمر کے بچوں کا ہر دم دھیان رکھنا چاہیے اور اُنہیں ایک منٹ کے لیے بھی تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ گھر میں تیز دھار اوزار و آلات، کیمیکلز، بجلی کے آلات وغیرہ کا خاص خیال رکھیں اور انہیں بچوں کی پہنچ سے دُور رکھنا چاہیے۔ تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رُونما نہ ہو۔ جبکہ بالکنی اور کھڑکی کے پاس ٹیبل، صوفہ ، واشنگ مشین وغیرہ نہیں رکھنا چاہیے۔ تاکہ بچے اس پر چڑھ کر اُونچائی سے نیچے نہ جا گریں۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں