کویت اور اومان میں رہائشیوں کو تین روز کی تعطیل کا تحفہ مِل گیا

دونوں ممالک میں یہ تعطیلات اسراء اور معراج کے موقعے پر دی جا رہی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 28 مارچ 2019 13:23

کویت اور اومان میں رہائشیوں کو تین روز کی تعطیل کا تحفہ مِل گیا
کویت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ2019ء) کویت میں حکومتی کابینہ کی جانب سے عوام کو شاندار خبر سُنا دی گئی ہے۔ مقامی اخبار الانباء کے مطابق کابینہ نے فیصلہ لیا ہے کہ کویت میں اسراء و معراج کی مناسبت سے 3 روز کی عام تعطیل ہو گی۔ اخبار کے مطابق 4، 5 اور 6 اپریل 2019ء (جمعرات، جمعہ اور ہفتہ) کو اسراء و معراج کے موقع پر مملکت کے تمام سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔

کابینہ کے فیصلے کے مطابق اگر اسراء و معراج کی تعطیل ہفتہ کے کسی بھی روز واقع ہو جائے تو اسے گزشتہ یا اگلی جمعرات کو منتقل کیا جائے گا اور اگر اسراء و معراج جمعرات کے روز ہو گی تو پھر اسی روز تعطیل منائی جائے گی۔ دُوسری جانب اومان میں بھی مُلکی اور غیر مُلکی ملازمین کو تین روز کی تعطیل کی خوش خبری مِل گئی ہے۔

(جاری ہے)

اومان میں بھی ایک شاہی فرمان جاری کر کے اسراء والمعراج کے موقعے پر سرکاری ملازمین کے لیے تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔

مشہور اخبار ٹائمز آف اومان کی رپورٹ کے مطابق اومان کے فرمانروا عزت مآب سُلطان قابوس بن سعد کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق 3 اپریل اور 4 اپریل کو عام تعطیل ہو گی۔ جبکہ جمعہ کی ہفتہ وار تعطیل شامل ہونے کی صورت میں اومان میں مقیم لوگ اکٹھی تین تین تعطیلات سے لطف اندوز ہوں گے۔ ابھی متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسراء والمعراج کی تعطیلات کا اعلان سامنے نہیں آیا۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں