کویت میں تارکین وطن کی ترسیلات زر پر 5 فیصد ٹیکس کی تیاریاں

ترسیلات زر پر مجوزہ ٹیکس کا مسودہ آج منظوری کے لیے پیش کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 17 اپریل 2019 16:34

کویت میں تارکین وطن کی ترسیلات زر پر 5 فیصد ٹیکس کی تیاریاں
کویت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اپریل 2019ء) کویت میں تارکین وطن کے لیے ایک بُری خبر سامنے آئی ہے۔ حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ مملکت میں مقیم تارکین وطن کی جانب سے اپنے وطن بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر پر 5 فیصد ٹیکس نافذ کیا جائے گا۔ آج اس حوالے سے تیار کئے گئے ایک مسودہ قانون کی منظوری کمیٹی برائے مالی و اقتصادی امور نے دے دی۔

جس کے بعد اسے حتمی منظوری کے لیے اسمبلی بھجوا دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تارکین کی ترسیلاتِ زر پر ٹیکس کے حوالے سے پہلے بھی ایک مسودہ تیار کیا گیا تھا جسے قانون ساز کمیٹی اور حکومت کی جانب سے یہ کہہ کر رد کر دیا گیا تھا کہ اس سے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ تاہم کمیٹی برائے مالی و اقتصادی امور کا اس سلسلے میں مؤقف تھا کہ یہ بل آئینی حدود کے اندر رہ کر تیار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ انٹرنیشنل مونیٹری فنڈ (IMF) کے ساتھ دُنیا بھر کے مختلف ممالک کے ساتھ طے پانے والے سمجھوتے کی شق نمبر 8 کے مطابق کسی ممبر مُلک کو اجازت نہیں کہ وہ کرنسی ایکسچینج کے معاملے میں امتیازی اقدامات اُٹھائے یا ایسی سرگرمیاں اختیار کرے جن سے کرنسی کے ریٹ میں فرق پیدا ہو۔ آئی ایم ایف کی جانب سے بھی بتایا جا چکا ہے کہ خلیجی ممالک میں تارکین کی جانب سے بھیجی جانی والی ترسیلات کا کُل حجم 84.4 ارب ڈالر ہے۔ اگر اُن کی ترسیلاتِ زر پر پانچ فیصد ٹیکس لگا بھی دیا جائے تو اس سے خلیجی ممالک کی مجموعی آمدنی میں صرف 0.3 فیصد کا اضافہ ہو گا، جس سے ان کی معیشت پر کوئی خاص مثبت اثرات مرتب نہیں ہوں گے، بلکہ اس کے منفی اثرات ہی سامنے آئیں گے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں