کویت میں مقیم غیر مُلکیوں کی تعداد میں واضح کمی ہو گئی

مئی 2019ءکے ابتدائی چار روز میں 30 ہزار سے زائد غیر مُلکی واپس چلے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 11 مئی 2019 13:29

کویت میں مقیم غیر مُلکیوں کی تعداد میں واضح کمی ہو گئی
کویت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین- 11 مئی 2019ء) سعودی عرب کے بعد کویت میں بھی نیشنلائزیشن کی پالیسی پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔ کویت ٹائمز کی جانب سے شائع کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی 2019ءکے ابتدائی چار روز میں 30 ہزار سے زائد غیر مُلکی اپنے آبائی وطن لوٹ گئے۔ اخبار کی جانب سے یہ دعویٰ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے حوالے سے کیا گیا ہے۔

اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے روز کویت میں مقیم مقامی باشندوں کی گنتی 14 لاکھ 12 ہزار 264 ریکارڈ کی گئی جو مملکت کی کُل آبادی کا 29.7 فیصد بنتی ہے جبکہ اس کے مقابلے میں یہاں مقیم غیر مُلکیوں کی گنتی 33 لاکھ 33ہزار 27 بتائی گئی جو کُل آبادی کا 70.3 فیصد ہے۔ اس طرح مملکت میں مقیم افراد کی کُل گنتی 47 لاکھ 45 ہزار 291 ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نومبر 2018ءمیں ایک اور کویتی اخبار القباس کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اگلے سات برسوں کے دوران کویت میں مقیم غیر مُلکیوں کی گنتی میں 15 لاکھ تک کی کمی لائی جائے گی تاکہ مملکت میں مقامی اور غیر مُلکی افراد کی آبادی میں توازن قائم کیا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق اگلے سات برسوں میں کویت کی آبادی میں تین لاکھ افراد کا اضافہ متوقع ہے ۔ اس طرح اگلے سات برسوں بعد کویت کی آبادی حالیہ 14 لاکھ کے ہندسے سے بڑھ کر 17 لاکھ تک ہو جائے گی۔ آبادی سے متعلق یہ اعداد و شمار پبلک اتھارٹی فار سول انفارمیشن(PACI) کی جانب سے تیار کیے گئے ہیں۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں