کویت میں بچے کی ڈینٹل کلینک میں موت نے کھلبلی مچا دی

کویتی حکومت کی جانب سے واقعے کے ذمہ دار ڈینٹسٹ کو ملک چھوڑنے سے روک دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 28 اگست 2019 15:33

کویت میں بچے کی ڈینٹل کلینک میں موت نے کھلبلی مچا دی
کویت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،28 اگست 2019ء) کویت میں عوام ایک بچے کی ڈینٹل کلینک میں موت کی وجہ سے بہت غم و غصّے کا شکار ہیں۔ اس حوالے سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ کویتی وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل الصباح نے بتایا کہ فہا حیل کے علاقے میں واقع ایک ڈینٹل کلینک میں بچے کی موت کے اسباب جاننے کے لیے ایک غیر جانبدار کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ مقامی اخبار سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر باسل الصباح نے کہا کہ یہ تفتیشی کمیٹی کویت یونیورسٹی کے شعبہ دندان کے پروفیسرز پر مشتمل ہے جو اس بات کا پتا چلائے گی کہ بدنصیب بچے عبدا العزیز الراشدی کی موت کن وجوہات کی بناء پر ہوئی۔

اس تفتیش ٹیم کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹ جلد ہی ظاہر کر دی جائے گی۔ کیونکہ عوام اس بارے میں حقائق جاننے کے لیے بے چین ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ اس معاملے میں ملوث غیر مُلکی ڈاکٹر کو مُلک سے باہر جانے سے روکنے کے لیے وزیر داخلہ شیخ خالد ال جراح الصباح سے درخواست کی گئی، جنہوں نے اس کے مملکت سے باہر جانے پر عارضی طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اگر یہ ڈاکٹر اپنی تحقیقات میں بے قصور پایا گیا، تو اس پر سے سفر پر عائد پابندی ہٹا لی جائے گی۔

ڈاکٹر باسل نے آگاہ کیا کہ کویت میں مقیم مقامی اور غیر مُلکی افراد کی صحت اور جان کے تحفظ کے معاملے میں حکومت نے زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ اگر طبی شعبے سے متعلق کوئی فرد اس معاملے میں کوتاہی کا ذمہ دار قرار پاتا ہے تو اس سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بدنصیب بچے ال راشدی کی موت کے پیچھے ڈینٹل ڈاکٹر کی غفلت پائی گئی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل مقامی کلینک میں ایک بچہ دانت کے علاج کے دوران انتقال کر گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں