کویت میں عوامی مقامات پر غیر مناسب لباس پہننے پر جرمانہ عائد کرنے کی تیاریاں

اس خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو 500 سے 1000 کویتی دینار تک جرمانہ بھُگتنا ہوگا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 13 ستمبر 2019 11:53

کویت میں عوامی مقامات پر غیر مناسب لباس پہننے پر جرمانہ عائد کرنے کی تیاریاں
کویت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،13ستمبر 2019ء) کویت میں عوامی مقامات پر غیر مناسب لباس پہننے پر جرمانہ عائد کرنے کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ اس سلسلے میں کویتی رُکن پارلیمنٹ ماجد المطیری نے عوامی مقامات پر غیر مناسب لباس پہننے والوں کے خلاف سخت قانون سازی کی سفارش کی ہے۔ ماجد المطیری نے پارلیمنٹ میں اس قانون سازی کے لیے 11 صفحات پر مبنی بل بھی پیش کر دیا ہے۔

المطیری کی بل میں پیش کردہ سفارشات کے مطابق ہر وہ شخص خواہ کویتی ہو یا غیر ملکی، اس پر یہ لازم ہے کہ وہ عوامی مقامات پر اخلاق عامہ کا خیال رکھے۔ ایسا لباس جس پر غیر مناسب عبارت درج ہو یا غیر اخلاقی تصاویر بنی ہوں ،کے علاوہ سوتے وقت پہنا جانے والا لباس زیب تن کر کے عوامی مقامات پر آنے والوں کو کم سے کم 5 سو کویتی دینار اور زیادہ سے زیادہ 1000 دینار کا جرمانہ عائد کیا جائے۔

(جاری ہے)

عوامی اداروں میں قطار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی سزا کی سفارش کی گئی ہے۔ سفارشات میں مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے سے اجازت لیے بغیر وال چاکنگ کرنا بھی خلاف قانون شمار کیا جائے۔ ایسے افراد کو بھی قانون شکنی کے دائرے میں شامل کیا جائے جو عوامی مقامات پر بلند آواز میں موسیقی سنیں، کسی کو غیر اخلاقی القابات سے پکاریں یا ایسے الفاظ کا استعمال کریں جو تعصب پر مبنی ہوں، دوسروں کی حق تلفی کرنے، بچوں اور خواتین سے غیر مناسب زبان استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی قانون سازی کی سفارش کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں