کویت میں میوزک کانسرٹ پر خواتین کے جھُومنے ناچنے کی ویڈیو وائرل

قدامت پسند سوشل میڈیا صارفین بھڑک اُٹھے، انتظامیہ سے ایکشن لینے کا مطالبہ کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 21 اکتوبر 2019 13:43

کویت میں میوزک کانسرٹ پر خواتین کے جھُومنے ناچنے کی ویڈیو وائرل
کویت (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اکتوبر2019ء) کویت میں موجودہ دور میں بھی قدامت پسند سوچ غالب نظر آتی ہے۔ جس کی مثال ایک میوزک کانسرٹ کی تازہ ترین وائرل ہونے والی ویڈیو ہے۔ جسے دیکھ کر کویتی عوام کی اکثریت بھڑک اُٹھی ہے اور اسے اخلاقیات اور سماجی اقدار کے منافی قرار دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کویت کے مقامی ہوٹل میں موسیقی کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں عراقی فنکار حُسام الرسم نے اپنی گائیکی کا جادو جگایا۔

اُن کے گانوں پر محفل میں شریک مرد و خواتین اپنی سیٹوں پر بیٹھے بیٹھے جھُومتے رہے اور دِل کھول کر داد بھی دیتے رہے۔ تاہم اس تقریب کی ایک ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر آئی تو روایت پرست طبقے کی جانب سے شدید تنقیدکا سلسلہ شروع ہو گیا۔ حتیٰ کہ کویت کے کچھ ممبران پارلیمنٹ نے بھی اس ویڈیو کو مخرب اخلاق قرار دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک ممبر پارلیمنٹ محمد حیف نے کہا کہ جو کچھ عراقی گلوکار کے کانسرٹ میں ہوا، ہم اس بے حیائی اور گھٹیا ناچ کی اجازت نہیں دے سکتے۔

وزارت اطلاعات کو اس طرح کے بے ہودہ ناچ کا نوٹس لینا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ مستقبل میں اس طرح کی بے ہودہ حرکات نہ کی جائیں۔ جبکہ ممبر پارلیمنٹ مجید المطیری نے کہا کہ اس طرح کے غیر اخلاقی رویوں کی ہمارے روایت پرست سماج میں ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ وزیر اطلاعات محمد ال جابری نے اس واقعے کے حوالے سے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ جبکہ اس کانسرٹ کا انعقاد کرنے والی کمپنی کا لائسنس بھی تین ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں