کویت میں ایئرپورٹ پر مسلح نوجوان کی جانب سے خود کُشی کی کوشش

مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا، واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 6 نومبر 2019 16:42

کویت میں ایئرپورٹ پر مسلح نوجوان کی جانب سے خود کُشی کی کوشش
کویت (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔6 نومبر 2019ء) کویت کے بین الاقوامی ایئر پورٹ پر اس وقت مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک نوجوان اچانک اپنے ہاتھ میں بندوق لہراتے ہوئے اندر داخل ہو گیا اور اپنے سر پر بندوق تان کر اپنی خود کُشی کی دھمکی دے ڈالی۔ اس موقع پر سیکیورٹی گارڈز نے آگے بڑھ کر اُسے قابو کرنے کی کوشش کی تو نوجوان نے پستول کا رُخ اپنے سر کی جانب کر لیااور دھمکی دی کہ اگر کوئی اس کے قریب آیا تو وہ اپنے سر میں گولی مار کر اپنی جان ختم کر لے گا۔

اس ذہنی مریض نوجوان کے خطرناک تیور دیکھ کر وہاں موجود تمام سیکیورٹی گارڈز پیچھے ہٹ گئے اور اُسے آگے بڑھنے دیا تاہم جونہی وہ ہال کے گیٹ نمبر 29 سے اندر داخل ہوا تو اُس کی تاک میں کھڑے ایئر پورٹ سیکیورٹی کے اہلکاروں نے چند لمحوں میں اُس پر دھاوا بول کر اُس سے پستول چھینی اور پھر اُسے گرفت میں لے کر ہتھکڑی لگا دی۔

(جاری ہے)

اس واقعے کی ویڈیو کویتی صحافی مشاری بویبیہ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔

تاہم اس واقعے کے بارے میں کویت ایئرپورٹ کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔ اس واقعے پر کویت کے سوشل میڈیا صارفین نے بہت حیرانی کا اظہار کیا ہے اور سیکیورٹی کی کوتاہی پر بھی سوالات اُٹھا دیئے ہیں۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ یہ نوجوان تو کوئی نفسیاتی مریض تھا، اس لیے قابو آ گیا۔ اگر اس کی بجائے کوئی تربیت یافتہ دہشت گرد داخل ہو جاتا تو کیا صورتِ حال پیش آ جاتی۔

نوجوان ایئرپورٹ کے خارجی دروازے سے گز ر رہا تھا تبھی اُس کی چیکنگ کیوں نہ کی گئی۔ اگرچہ نوجوان پر قابو پا لیا گیا، مگر سیکیورٹی کے معیار پر ضرور سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ واضح رہے کہ اب سے دو روز قبل بھی کویت میں دو نوجوانوں کی جانب سے خود کُشی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں