کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق الغانم پرقبرستان میں حملہ

نامعلوم شخص نے پہلے بلاوجہ مرزوق الغانم سے بدکلامی کی اور پھر اُن کو مارنے کی بھی کوشش کی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 12 دسمبر 2019 13:07

کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق الغانم پرقبرستان میں حملہ
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12دسمبر 2019ء ) کویت کی پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق الغانم پر ایک نامعلوم شخص نے حملہ کر دیا۔ یہ واقعہ ایک مقامی قبرستان میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق کویتی پارلیمنٹ (مجلس الاُمہ) کے اسپیکر مروزق الغانم پر بُدھ کے روز ایک شخص نے حملہ کیا، تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔ قبرستان میں موجود دیگر افراد نے حملہ آور کو قابو کر لیا اور بعد میں اُسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ، جہاں اُس سے تفتیش جاری ہے اور حملے کے محرکات جاننے کی کوشش کی جائے گی۔

کویتی اخبار القبس نے بتایا ہے کہ اسپیکر پارلیمنٹ مرزوق الغانم نے اس واقعے کے حوالے سے اپنے انسٹا گرام پر ایک پوسٹ میں بیان کیا ہے کہ وہ کچھ روز قبل وفات پانے والے ایک شہری کی فاتحہ خوانی کی خاطر گزشتہ روز الصلیبخات قبرستان گئے۔

(جاری ہے)

دُعا کے بعد جب وہ قبرستان سے باہر آرہے تھے تو اُن کا ایک جاننے والا شخص پاس آیا اور اُن سے مصافحہ کیا۔

عدنان نامی شخص کے ساتھ دو اور لوگ بھی تھے جنہیں وہ نہیں جانتے تھے، ان میں سے ایک شخص نے بھی اُن سے مصافحہ کیا جبکہ تیسرے شخص نے اُن سے ہاتھ ملاتے وقت انتہائی غیر مہذب الفاظ ادا کیے۔ جس پر میں نے اُسے کہا کہ وہ اس طرح کے نامناسب الفاظ استعمال نہ کرے۔ مگر وہ شخص اپنے رویئے پر شرمسار ہونے کی بجائے مزید بپھر گیا اور اُنہیں گالیاں دے ڈالیں۔

اور پھر اچانک اس بدتمیز شخص کا ایک اور ساتھی بھی آ گیا اور دونوں نے مِل کر مجھ پر حملہ کر کے تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ خوش قسمتی سے وہاں چند اور لوگ بھی قریب ہی کھڑے تھے۔ انہوں نے خطرے کا احساس کرتے ہوئے میری جانب دوڑ لگا دی اور حملہ آوروں کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا پہلے بھی قبرستان جانا ہوتا ہے، مگر اس سے پہلے کبھی میرے ساتھ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ اُن کے حوالے سے کچھ پُرانی فوٹیجز بھی چلائی جا رہی ہیں، جن کا اس حالیہ واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس لیے لوگوں کو ان باتوں پر کان نہیں دھرنے چاہئیں۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں